
نئی دہلی، 06 اگست (ہ س)۔ملک کے مالامال ثقافتی ورثے، متنوع مناظر اور سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر پیش کرنے کے لئے سیاحت اور ثقافت کی وزارت اور نیٹ فلیکس کے درمیان ایک اسٹریٹجک شراکت داری کی گئی ہے۔
ہندوستان میں نیٹ فلیکس کے ایک دہائی مکمل ہونے کے موقع پر بدھ کو نئی دہلی میں نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے ) میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مرکزی ثقافت اور سیاحت کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور نیٹ فلیکس کے شریک سی ای او ٹیڈ سارینڈوس کے درمیان بات چیت ہوئی۔ اس بات چیت کے دوران اس بات پر غور وخوض کیا گیا کہ کس طرح کہانیوں کے ذریعہ لوگوں کو سفر کے لئے ترغیب دی جا سکتی ہے اور ہندوستان کی عالمی سافٹ پاور کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
سنیما کے کردار پر زور دیتے ہوئے شیخاوت نے کہا، ”سینما تفریح سے کہیں بڑھ کر ہے؛ یہ ثقافت، ورثہ اور سیاحت کو جوڑنے والا ایک رابطہ ہے۔ ہر ہندوستانی کہانی میں دنیا کے کسی نہ کسی کونے میں بیٹھے شخص کو ہندوستان آنے کی ترغیب دینے کی صلاحیت ہے۔“
انہوں نے کہا کہ بے مثال ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ”ایز سین آن نیٹ فلیکس“ کا انضمام ہندوستان کے ثقافتی تنوع کو ظاہر کرنے اور ملک کے سافٹ پاور کو بڑھانے کی سمت ایک مشترکہ قدم ہے۔
اس تاریخی شراکت داری کے تحت ، وزارت سیاحت نے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں ”ایز یو سین ان نیٹ فلیکس“ فیچرکو شامل کیا ہے۔ اس کے ذریعہ دنیا بھر کے مسافروں کو ہندوستان کے خوبصورت مقامات، تہواروں، جنگلی حیاتیات اور تاریخی مقامات کی معلومات حاصل کر سکیں گے جنہیں نیٹ فلیکس کی مشہور فلموں اور سیریز میںظاہر کیا گیا ہے۔اس کا بنیادی مقصد ناظرین کے آن اسکرین تجربات کو حقیقی زندگی کے سفر میں تبدیل کرنا ہے۔
تقریب میں موجود سیاحت کے سکریٹری بھونیش کمارنے کہا کہ تخلیقی صنعت اور حکومت کے درمیان اس طرح کی اسٹریٹجک شراکت داری منزلوں کی دریافت اور تجربہ کرنے کے طریقے کو بدل رہی ہے۔ مستند کہانیاں نہ صرف پائیدار سیاحت کو فروغ دیتی ہیں بلکہ مقامی لوگوں کے لیے معاشی مواقع بھی پیدا کرتی ہیں۔
اس موقع پر وزارت سیاحت اور نیٹ فلیکس کی مشترکہ پروڈیوس کردہ دو خصوصی فلموں کی اسکریننگ بھی کی گئی۔ پہلی فلم ہندوستان کے غیر معمولی حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیاتیات کے سیاحت کے تجربات پر مرکوز تھی، جب کہ دوسری فلم ملک کے بھرپور اور متحرک ثقافتی ورثے کے لیے وقف تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد