
نئی دہلی، 6 اگست (ہ س)۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے الہ آباد یونیورسٹی میں فیسوں میں اضافے اور سیٹوں میں کٹوتی کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباءکی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ ان کے مطالبات سننے کے بجائے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے جمعرات کو ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ الہ آباد یونیورسٹی کے طلباءفیسوں میں اضافے اور سیٹوں میں کٹوتی کے خلاف اپنے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، لیکن انتظامیہ ان کی بات سننے کے بجائے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی پالیسی نوجوانوں کی آواز کو دبانے کی ہے۔ راہل نے لکھا، ”اگر آپ سوال پوچھتے ہیں تو آپ پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے، اگر آپ احتجاج کرتے ہیں تو آپ پر مقدمہ چلایا جاتا ہے اور اگر آپ آواز اٹھاتے ہیں تو آپ کو پیلٹ گن لگتی ہے۔“ کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب سے انہوں نے طلباءکو سننے کے لیے پریاگ راج جانے کا فیصلہ کیا ہے، انتظامیہ ان کے پروگرام کو ہر ممکن طریقے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت طلباءکی آوازوں سے خوفزدہ ہے۔ راہل نے کہا، میں طلباءکے ساتھ کھڑا ہوں۔ حکومت چاہے کتنی ہی کوشش کرے، وہ مجھے ان کی آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی