
- کیرالہ، اڈیشہ اور آسام میں سیلاب کے دوران راحت اور بچاؤ کارروائیوں کے کردار کی تعریف کی
نئی دہلی، 6 اگست (ہ س)۔ پارلیمانی مشاورتی کمیٹی برائے دفاع کی جمعرات کو نئی دہلی میں میٹنگ ہوئی جس میں علاقائی فوج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں میٹنگ میں سینئر حکام نے کمیٹی کے ارکان کو علاقائی فوج کے دائرہ کار، کردار اور اہم کامیابیوں کے بارے میں معلومات دی۔ کمیٹی کے ارکان نے فورس کو مزید مضبوط بنانے اور اس کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے قیمتی تجاویز پیش کیں۔
اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے کہا کہ دفاعی افواج کا کردار بنیادی طور پر سیکورٹی سے متعلقہ پہلوؤں کے ارد- گرد مرکوز رہتا ہے۔ علاقائی فوج ماحولیاتی تحفظ اور سماجی کام جیسے دیگر شعبوں میں بھی تعاون دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی فوج شہری -فوجی کے تصور کی زندہ مثال ہے۔
اس کے ارکان شہری زندگی سے متعلق سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہوئے بھی سرحدوں کی حفاظت اور داخلی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے یونیفارم پہنتے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ علاقائی فوج تربیت یافتہ فوجیوں کا ایک ذخیرہ تیار کرکے دفاعی افواج کی اضافی صلاحیت پیدا کرتی ہے جنہیں ضرورت پڑنے پر فوری طور پر تعینات کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب اہلکار اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد شہری زندگی میں واپس آتے ہیں تو وہ معاشرے اور فوج کے درمیان ایک فعال رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ علاقائی فوج ایک تربیت یافتہ، پرعزم اور اور موثر فورس ہے، جس میں تقریباً 44,400 اہلکار اور 59 متنوع یونٹ شامل ہیں۔ یہ فورس قدرتی آفات کے دوران فوری امداد اور امداد فراہم کرنے میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کیرالہ میں سیلاب، اڈیشہ میں طوفان اور آسام میں حالیہ سیلاب کے دوران راحت اور بچاو¿ کی کارروائیوں اور ضرورت مندوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں اس کے کردار کی تعریف کی۔
ماحولیاتی انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے میں ان کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے، راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ علاقائی فوج کی ماحولیاتی ٹاسک فورسز نے اب تک تقریباً 10 کروڑ پودے لگائے ہیں، جن میں سے 80 سے 85 فیصد پودے محفوظ رہے ۔
انہوں نے جموں و کشمیر میں تعینات علاقائی فوج کی 'ہر گھر ترنگا' مہم کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں کوششوں کی بھی تعریف کی۔ اجلاس میں 'شہری -فوجی ' کے تصور کو حقیقت کا روپ دینے، قومی سلامتی کو مضبوط بنانے، آفات سے نمٹنے، ماحولیاتی تحفظ اور قوم کی تعمیر میں اس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ کمیٹی کو علاقائی فوج کی کامیابیوں اور مستقبل کے روڈ میپ کے بارے میں معلومات دی گئی۔ کمیٹی کے اراکین نے ملک کی خدمت میں اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی قیمتی تجاویز دیں۔
وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دھیرج سیٹھ، سکریٹری دفاع راجیش کمار سنگھ، سکریٹری (دفاعی پیداوار) سنجیو کمار، سکریٹری (دفاع مالیات) وشواجیت سہائے اور دیگر سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد