


تلسی جینتی کے تحت مانس بھون میں بھکتی سنگیت اور اعزازی تقریب کا انعقاد
بھوپال، 6 اگست (ہ س)۔
مدھیہ پردیش حکومت کے محکمہ ثقافت کے تحت تلسی شودھ سنستھان نے سینئر صحافی اور ہندوستھان سماچار کے گروپ ایڈیٹر رام بہادر رائے کو ’’پدم بھوشن یگ تلسی پنڈت رام کنکر اپادھیائے قومی ایوارڈ‘‘ سے سرفراز کیا۔ رام بہادر رائے کو جمعرات کو بھوپال کے تلسی مانس پرتشٹھان میں منعقدہ بھکتی سنگیت اور اعزازی تقریب 2026 کے دوران صحافت، قومی فکر، ثقافت اور عصری موضوعات پر ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ وہ اس وقت اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس کے چیئرمین بھی ہیں۔
تقریب میں سینئر صحافی، مصنف اور قومی مفکر رام بہادر رائے نے کہا کہ پدم بھوشن یگ تلسی پنڈت رام کنکر اپادھیائے نے گوسوامی تلسی داس کی تصنیف ’’شری رام چرت مانس‘‘ کی منفرد اور نہایت سادہ انداز میں تشریح کرکے اسے عوام تک پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ پنڈت رام کنکر اپادھیائے نے تقریباً 85-80 کتابیں تصنیف کیں، جن کا باقاعدہ مجموعہ بھی مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے محض 19 برس کی عمر میں ’’پریم مورتی بھرت‘‘ تصنیف کی، جس میں شری رام چرت مانس کے کردار بھرت کی بے لوث محبت، ایثار اور مثالی کردار کو نہایت موثر اور جذباتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
محکمہ ثقافت و سیاحت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) دھرمیندر سنگھ لودھی نے آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈت رام کنکر اپادھیائے نے شری رام چرت مانس کی تشریح کے ذریعے بھارتی سناتن ثقافت کی اقدار کو دنیا بھر میں وقار بخشا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ بھارتی علم، ادب، ثقافت اور روحانیت کی روایت کو آگے بڑھانے والی ممتاز شخصیات کے اعزاز کا ذریعہ ہے۔ رام بہادر رائے کی خدمات نئی نسل کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔
تقریب میں محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر این پی نام دیو نے توصیفی مقالہ پیش کیا، جبکہ دیدی منداکنی شری رام کنکر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل استقبالیہ خطاب میں ایڈیشنل چیف سکریٹری شیوشیکھر شکلا نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ایک ایوارڈ نہیں بلکہ بھارتی ثقافت، روحانیت اور قومی شعور کی ان ابدی اقدار کو خراج تحسین پیش کرنے کا ذریعہ ہے، جن کے فروغ کے لیے پدم بھوشن پنڈت رام کنکر اپادھیائے نے پوری زندگی کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ رام بہادر رائے نے صحافت کو قوم سازی کا ذریعہ بناتے ہوئے سچائی، فکری وابستگی اور بھارتی نقطۂ نظر کو مؤثر اظہار عطا کیا ہے۔
تقریب میں شرما برادران اور ان کے ساتھیوں، اجین کی جانب سے بھکتی سنگیت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر دیدی منداکنی، ایڈیشنل چیف سکریٹری شیوشیکھر شکلا، تلسی مانس پرتشٹھان کے ایگزیکٹو چیئرمین رگھونندن شرما، محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر این پی نام دیو اور دیگر افراد موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن