
نئی دہلی، 6 اگست (ہ س)۔
ملک کے شمال مغربی علاقوں میں آئندہ 6-5 دنوں کے دوران موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرقی علاقوں میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی-این سی آر میں جمعہ کو صبح سے دوپہر کے درمیان بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ یہ سلسلہ رات تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دن زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 33-31 اور 24-22 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو بھی ایسی ہی صورت حال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ راجدھانی میں آج صبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ بعض جگہوں پر آمد و رفت کرنے والوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ایم ڈی کے مطابق ہفتے کے بیشتر دنوں میں شمال مغربی اور اس سے متصل وسطی ہندوستان کے کئی حصوں، نیز مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
جموں و کشمیر اور لداخ میں 12-9 اگست، ہماچل پردیش میں 12-6 اگست، اتراکھنڈ میں 12-7 اگست، ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی میں 7 اگست، مغربی اتر پردیش میں 10-9 اگست، مشرقی اتر پردیش میں 9-7 اگست، مغربی راجستھان میں 10-8 اگست اور مشرقی راجستھان میں 11-10 اگست کے دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مشرقی راجستھان میں 9-7 اگست کے دوران بعض مقامات پر انتہائی موسلا دھار بارش کا بھی اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔مغربی مدھیہ پردیش میں 12-10 اگست، مشرقی مدھیہ پردیش میں 12-10 اگست، ودربھ میں 10-7 اگست اور چھتیس گڑھ میں 10-8 اگست کے دوران بعض یا کئی مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
مشرقی ہندوستان میں انڈمان و نکوبار جزائر اور جھارکھنڈ میں 8-7 اگست، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں 9-8 اگست، گنگا کے میدانی مغربی بنگال میں 9-7 اگست، بہار میں 9-7 اگست اور اڈیشہ میں 12-8 اگست کے دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان کی تمام ریاستوں میں آئندہ 6-5 دنوں کے دوران کہیں کہیں انتہائی موسلا دھار بارش ہونے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مغربی ہندوستان کے وسطی مہاراشٹر میں 7 اگست، گجرات خطے میں 10-9 اگست اور سوراشٹر اور کچھ میں 9 اگست کو بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ جنوبی ہند کے لکشدیپ، شمالی اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ، ماہے، جنوبی اندرونی کرناٹک اور ساحلی کرناٹک میں آئندہ 5 دنوں کے دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں آئندہ 6-5 دنوں کے دوران تیز آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مشرقی راجستھان، بہار، مغربی اترپردیش، وسطی مہاراشٹر، جنوبی اندرونی کرناٹک، لکشدیپ اور میزورم میں انتہائی موسلا دھار بارش (20-12 سینٹی میٹر)، جبکہ گنگا کے میدانی مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اڈیشہ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مشرقی اتر پردیش، ساحلی کرناٹک، آسام اور دہلی میں موسلا دھار بارش (11-7 سینٹی میٹر) ریکارڈ کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن