
پرتاپ گڑھ، 6 اگست (ہ س)۔ اترپردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع میں نگر کوتوالی کے حدود میں مہولی منڈی کے قریب رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث جمعرات کی علی الصبح تقریباً 3 بجے ایک خستہ حال مکان کی چھت گر گئی۔ ملبے میں دب کر ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ 2 گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے امدادی اور بچاو کے آپریشن کے بعد 6 افراد کو ملبے سے نکال کر ضلع اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے سبھی کو مردہ قرار دے دیا۔ اس المناک حادثے میں خاندان کا صرف ایک فرد زندہ بچ سکا۔
پولیس سرکل آفیسر (شہر) آشوتوش مشرا نے بتایا کہ حادثے میں پرمود شریواستو (60)، ان کی اہلیہ ریتا شریواستو (55)، بیٹا نتن (25)، مادھوری (23)، مادھو (2) اور 4 ماہ کا ایک شیر خوار جاں بحق ہوگیا، جبکہ خاندان کا امن اس حادثے میں محفوظ رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ مکان تقریباً 100 سال پرانا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن