
نئی دہلی، 6 اگست (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے 2021 میں مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد کے تشدد سے متعلق ابھیجیت سرکار قتل معاملہ میں اشتہاری مجرم اروپ داس عرف بپی داس کو گوہاٹی، آسام سے گرفتار کیا ہے۔ ملزم 2021 میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے مفرور تھا۔
سی بی آئی نے جمعرات کو کہا کہ ملزم نے کبھی بھی تفتیش یا عدالتی عمل میں حصہ نہیں لیا۔ ایجنسی نے ان کی گرفتاری پر 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ اسے انٹیلی جنس اور تکنیکی معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔
سی بی آئی نے 25 اگست 2021 کو کلکتہ ہائی کورٹ کے 19 اگست 2021 کے حکم کی تعمیل میں کولکاتا کے نارکل ڈانگا پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کو اپنے قبضے میں لے کر معاملہ کی تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی تھی۔ یہ معاملہ 2 مئی 2021 کو سیلتلانے میں ابھیجیت سرکار کے مبینہ قتل سے متعلق ہے۔
تحقیقات کی تکمیل کے بعد، سی بی آئی نے 2021 اور 2025 میں 38 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ اور ضمنی چارج شیٹ داخل کیں۔ ان میں اروپ داس عرف بپی داس، ترنمول کانگریس کے اس وقت کے ایم ایل اے پریش پال اور اس وقت کے ترنمول کانگریس کے کونسلر سوپن سمدر اور پاپیا گھوش شامل ہیں۔ یہ مقدمہ فی الحال کولکاتا کی سٹی سیشن کورٹ میں زیر التوا ہے۔
سی بی آئی نے کہا کہ گرفتار ملزم کو گوہاٹی سے کولکاتا لایا جائے گا تاکہ 7 اگست کو مجاز عدالت میں پیش کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی