اے ٹی ایف کے بارے میں کیجریوال کا دعویٰ گمراہ کن : امت مالویہ
نئی دہلی، 06 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے اس دعوے کو گمراہ کن قرار دیا ہے، جس میں انہوں نے مرکزی حکومت پر ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) میں ایتھنول
اے ٹی ایف کے بارے میں کیجریوال کا دعویٰ گمراہ کن : امت مالویہ


نئی دہلی، 06 اگست (ہ س)۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے اس دعوے کو گمراہ کن قرار دیا ہے، جس میں انہوں نے مرکزی حکومت پر ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) میں ایتھنول ملانے کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا تھا۔

امت مالویہ نے کہا کہ حکومت نے اے ٹی ایف میں عام ایتھنول ملانے کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے، بلکہ پائیدار فضائی ایندھن (ایس اے ایف) کو ضابطہ کے تحت فریم ورک میں شامل کیا ہے۔

مالویہ نے جمعرات کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ایس اے ایف عام ایتھنول نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہوابازی کے معیار کا ایندھن ہے، جس کی کیمیائی ساخت روایتی اے ٹی ایف سے مطابقت رکھتی ہے اور یہ ہوائی جہازوں کے انجنوں کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی جہازوں میں استعمال کی منظوری سے قبل ایس اے ایف کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اے ایس ٹی ایم معیارات کے مطابق سخت جانچ اور سرٹیفکیشن کے مراحل سے گزارا جاتا ہے، جنہیں بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم (آئی سی اے او) بھی تسلیم کرتی ہے۔ حکومت کے مطابق ایس اے ایف کے استعمال سے ہوابازی کے ایندھن کی بنیادی خصوصیات، حفاظت یا کارکردگی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔

امت مالویہ نے مزید کہا کہ بھارت عالمی ہوابازی کے معیارات کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ آئی سی اے او کے کارسیا فریم ورک اور دنیا کی کئی بڑی فضائی منڈیوں میں کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے مصدقہ ایس اے ایف کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ حفاظتی معیارات پر بھی مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصدقہ پائیدار فضائی ایندھن کو عام ایتھنول کے ساتھ ملا کر جَیٹ فیول تیار کرنے کے مترادف قرار دینا حقائق کے منافی ہے اور اس سے فضائی سلامتی کے بارے میں غیر ضروری خدشات پیدا ہوتے ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل اروند کیجریوال نے ایکس پر دعویٰ کیا تھا کہ مرکزی حکومت اے ٹی ایف میں ایتھنول ملانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے بعض ماہرین کے حوالے سے کہا تھا کہ ایسا اقدام فضائی پروازوں کی سلامتی پر سمجھوتے کا باعث بن سکتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande