
نئی دہلی، 05 اگست (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی کا 23 جولائی کا ایک ویڈیو فیس بک سے ہٹانے کے معاملے میں مواصلات و اطلاعات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے میٹا سربراہ مارک زکربرگ سے تین دن کے اندر بلا شرط معافی مانگنے کو کہا ہے۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو میٹا کو ہندوستان میں ملنے والی قانونی تحفظ اور چھوٹ واپس لینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی نے بدھ کو میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ سے بلا شرط معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر خط ملنے کے تین دنوں کے اندر معافی نہیں مانگی گئی، تو انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 79(3) کے تحت دستیاب قانونی تحفظ واپس لینے اور انہیں ایک ناشر (پبلشر) کے طور پر کارروائی کے دائرے میں لانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
اسی معاملے میں انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت اور میٹا کے افسران کے درمیان دو روزہ اجلاس آج یہاں شروع ہوا۔ حکومت نے میٹا کی گلوبل ٹیم کو بھی دہلی بلایا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی نے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو لکھے خط میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ 03 اگست 2026 کو منعقدہ مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق پارلیمانی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں لیا گیا۔ اجلاس میں وزارتِ داخلہ، الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نیز اسنیپ چیٹ، گوگل، ایکس، میٹا اور یوٹیوب کے نمائندے شامل ہوئے تھے۔
کمیٹی نے وزیراعظم مودی کے اس ویڈیو کو سنجیدگی سے لیا، جس میں انہوں نے امتحان کے تنازعات اور پیپر لیک کے خلاف حکومت کی کارروائی کے تعلق سے طلبہ اور جین زی کو خطاب کیا تھا۔ کمیٹی کے مطابق اس ویڈیو کو فیس بک سے تقریباً 6-5 گھنٹے کے لیے ہٹا دیا گیا تھا۔
اجلاس میں بچوں کے جنسی استحصال کے مواد اور خواتین کے خلاف توہین آمیز مواد نشر کرنے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ کمیٹی نے کہا کہ اگر کوئی انٹرمیڈیٹری پلیٹ فارم ایسا مواد ہٹانے میں ناکام رہتا ہے، تو اس کے خلاف بھی آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 79(3) کے تحت کارروائی کی جانی چاہیے۔
اس کے علاوہ، حیدرآباد سائبر پولیس کی جانب سے سرمایہ کاری کی دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں گوگل انڈیا کے سربراہ کو شریکِ ملزم بنائے جانے کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی۔ شکایت کنندگان کا الزام ہے کہ فرضی سرمایہ کاری ایپس کے ذریعے انہیں 48 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا۔ کمیٹی نے خواہش ظاہر کی کہ حکومتِ ہند گوگل انڈیا کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی پر غور کرے۔ وزیراعظم کا ویڈیو ہٹانے پر میٹا سے جواب طلب، مارک زکربرگ سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن