
نئی دہلی، 5 اگست(ہ س)۔ مرکزی حکومت نے وارانسی میں 14,447.64 کروڑ روپے کی لاگت سے 46.039 کلومیٹر طویل، چھ لین والے گرین فیلڈ گنگا ایلیویٹڈ کوریڈور کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد قومی شاہراہ-19 (این ایچ19) سے وارانسی رنگ روڈ تک تیز رفتار ٹریفک کی بلا رکاوٹ آمدورفت ممکن ہوگی، جبکہ کاشی وشوناتھ مندر، گنگا گھاٹ، بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو)، رام نگر اور کاشی ریلوے اسٹیشن جیسے اہم مقامات تک رسائی بھی انتہائی آسان ہو جائے گی۔
مرکزی وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کے مطابق اس ایلیویٹڈ کوریڈور پر گاڑیاں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکیں گی، جس سے شہر کے اندر اوسط سفری وقت 60 منٹ سے کم ہو کر صرف 20 منٹ رہ جائے گا۔وزارت نے بتایا کہ گزشتہ ماہ مرکزی کابینہ نے اس اہم منصوبے کو منظوری دی تھی۔ اس کا بنیادی مقصد وارانسی اور چندولی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا، زائرین اور سیاحوں کے سفر کو آسان بنانا اور شہر کو جدید ٹرانسپورٹ نظام سے جوڑنا ہے۔
یہ مکمل طور پر ایکسس کنٹرولڈ چھ لین ایلیویٹڈ کوریڈور این ایچ-19، وارانسی رنگ روڈ (این ایچ135 بی)، رام نگر اور بی ایچ یو کو آپس میں مربوط کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت این ایچ-19 سے کاشی ریلوے اسٹیشن تک پہنچنے کا وقت بھی تقریباً 50 منٹ سے کم ہو کر 25 منٹ رہ جائے گا۔منصوبے میں دریائے گنگا پر 910 میٹر طویل جدید کیبل اسٹیڈ پل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 1.32 کلومیٹر طویل ایکسٹرا ڈوزڈ فٹ اوور برج بنایا جائے گا، جس میں پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے ٹریولیٹر نصب ہوگی، تاکہ زائرین آسانی اور محفوظ طریقے سے کاشی وشوناتھ مندر تک پہنچ سکیں۔
اس کے علاوہ موجودہ اور مجوزہ مالویہ پل کے اوپر ایک نیا ریل اوور برج بھی تعمیر کیا جائے گا، جبکہ بی ایچ یو-لنکا سے سامنے گھاٹ تک ایک ایلیویٹڈ اسپر تیار کیا جائے گا، جس سے لنکا چوراہے پر ٹریفک جام میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔منصوبے میں ہنگامی پارکنگ بے، شور کم کرنے کے لیے نائز بیریئرز، دلکش فساڈ لائٹنگ اور وارانسی کی ثقافتی وراثت سے متاثر جدید طرزِ تعمیر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ کوریڈور پردھان منتری گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کے تحت ملٹی موڈل رابطہ کاری کو بھی مضبوط بنائے گا۔ اس کے ذریعے این ایچ19، وارانسی رنگ روڈ، لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈہ، کاشی ریلوے اسٹیشن اور رام نگر ان لینڈ واٹر وے ٹرمینل کے درمیان بہتر رابطہ قائم ہوگا، جس سے مسافروں کے ساتھ ساتھ مال برداری بھی زیادہ تیز اور مؤثر ہو سکے گی۔حکومت کا کہنا ہے کہ بہتر سڑک رابطے اور کم سفری وقت سے وارانسی آنے والے لاکھوں زائرین اور سیاحوں کو سہولت ملے گی، جبکہ سیاحت، ہوٹل انڈسٹری، ٹرانسپورٹ، دستکاری، مقامی تجارت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan