
نئی دہلی، 5 اگست (ہ س)۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے بدھ کو یہاں مرکزی وزیر جل شکتی سی آر پاٹل سے ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے تمّیدی ہٹی بیراج کی مجوزہ اونچائی کے معاملے میں تلنگانہ اور مہاراشٹر کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازع کے حل کے لیے مرکزی حکومت سے مداخلت کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں تلنگانہ کے وزیر آبپاشی این اُتم کمار ریڈی اور ریاست کے متعدد ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ تلنگانہ حکومت تمّیدی ہٹی بیراج کی تعمیر 150 میٹر کی بلندی پر کرنا چاہتی ہے، جبکہ مہاراشٹر حکومت مبینہ طور پر صرف 148 میٹر کی اونچائی پر رضامند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی اختلاف کے باعث منصوبہ آگے نہیں بڑھ پا رہا ہے۔
ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ وہ دونوں ریاستوں کے درمیان رابطہ قائم کر کے اس تنازع کا جلد از جلد حل نکالیں تاکہ منصوبے پر کام شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ریاست کی آبپاشی ضروریات کے لیے نہایت اہم ہے اور اس میں تاخیر سے ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ