
نئی دہلی، 5 اگست (ہ س)۔ محکمہ ڈاک نے رکشا بندھن سے قبل راکھیوں کو دہلی سے ملک کے مختلف حصوں تک پہنچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ محکمہ ڈاک 22 اگست تک دہلی کے 34 بڑے ڈاک خانوں کے ساتھ ساتھ دہلی ریلوے اسٹیشن اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ٹرانزٹ میل دفاتر میں خصوصی راکھی بکنگ کاو¿نٹر قائم کرے گا۔
وزارت مواصلات نے بدھ کے روز کہا کہ محکمہ ڈاک نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس کی 24 اسپیڈ پوسٹ اور 48 اسپیڈ پوسٹ خدمات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ محکمہ کے مطابق، یہ خدمات محفوظ اور وقت پر فراہمی میں سہولت فراہم کرتی ہیں۔ ڈیلیوری وقت پر نہ ہونے کی صورت میں منی بیک گارنٹی کابھی انتظام ہے۔
وزارت نے کہا کہ 24 اسپیڈ پوسٹ سروس دہلی میں 35 نامزد بکنگ مراکز پر دستیاب ہوگی۔ اس کے ذریعے دہلی سے ممبئی، کولکاتا، بنگلورو، چنئی اور حیدرآباد سمیت چھ بڑے میٹرو شہروں تک میل تیزی سے اور مقررہ وقت پر پہنچائی جائے گی۔
راکھی کی خصوصی بکنگ کی سہولت اشوک وہار، سول لائنز، چانکیہ پوری، دہلی جی پی او، نئی دہلی جی پی او، اندرا پرستھ، جنک پوری، کرشنا نگر، کرول باغ، کالکاجی، لودھی روڈ، سروجنی نگر، آر کے پورم، رمیش نگر، روہنی، مایا پوری، مالویہ نگر، مہرولی سمیت کل 34 بڑے ڈاک خانوں پر دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ دہلی ریلوے اسٹیشن اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ٹرانزٹ میل دفاتر میں خصوصی بکنگ کاو¿نٹر بھی قائم کیے جائیں گے۔
محکمہ ڈاک نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت پر راکھی بھیج کر اس خصوصی انتظام سے فائدہ اٹھائیں تاکہ تہوار کے دوران ڈاک کی فراہمی آسانی سے ہو سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی