
نئی دہلی، 5 اگست (ہ س):۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی ویڈیو ہٹائے جانے اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد (سی ایس اے ایم) کے مبینہ اشتہارات کے معاملے میں میٹا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے حکومت سے معذرت کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد (سی ایس اے ایم)، ڈیپ فیک مواد اور پلیٹ فارم کے انتظام میں پیش آنے والی خامیوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹا نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ بعض مخصوص اقسام کے مواد کو فروغ دینے کے لیے خطیر رقم خرچ کی گئی تھی۔
حکومت نے کمپنی کو واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ اگر میٹا خود یہ طے کرے گا کہ کون سا مواد کس صارف کو دکھایا جائے، تو انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت اسے صرف ”درمیانی پلیٹ فارم “ کے طور پر حاصل قانونی تحفظ برقرار نہیں رہے گا۔
میٹا کے چیف گلوبل افیئرز آفیسر جوئل کیپلان کی قیادت میں ایک وفد نے بدھ کو الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے سکریٹری ایس کرشنن سے ملاقات بھی کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ