
نئی دہلی، 5 اگست (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مالی فراڈ کے ایک معاملے میں مطلوب خاتون وشاکھا راٹھور کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہندوستان کے حوالے کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ راٹھور پیر کو پونے پہنچی، جہاں اسے مہاراشٹر پولیس کی ایک ٹیم نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
سی بی آئی نے بدھ کو کہا کہ وشاکھا راٹھوربڑے پیمانے پر مالی فراڈ کے معاملے میں مطلوب تھی۔ اس پر جھوٹے وعدے کرکے اور مقررہ ماہانہ منافع کا وعدہ کرکے سرمایہ کاروں کو مختلف اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے دوسروں کے ساتھ سازش کرنے کا الزام ہے۔ اس کے بعد اس نے سرمایہ کاروں کے فنڈز کا غلط استعمال کیا اور انہیں کئی بینک اور ڈیمیٹ اکاونٹس کے ذریعے منتقل کیا۔
سی بی آئی کے مطابق اس معاملے میں راٹھور کے خلاف پہلے انٹرپول کے ذریعے ریڈ کارنرنوٹس جاری کیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے کہا کہ یہ کارروائی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے تعاون سے ممکن ہوئی ہے اور یہ بین الاقوامی تال میل کا نتیجہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے 2019 سے جولائی 2026 کے درمیان 36 ممالک سے 274 مفرور مجرموں کو کامیابی کے ساتھ حوالے کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے منگل کو کہا کہ یہ ان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی مہم کا حصہ ہے جو بیرون ملک رہتے ہوئے ہندوستانی قانون سے بچ رہے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی