سورہ نوح کا پیغام: دعوتِ حق میں صبر، استغفار اور اللہ پر کامل بھروسہ
جماعتِ اسلامی ہند کی جانب سے نارتھ گونڈا، دہلی میں درسِ قرآن کا انعقاد، ڈاکٹر محمد یامین نے سور? نوح کی تلاوت و تشریح پیش کی نئی دہلی ،31اگست (ہ س )۔ جماعتِ اسلامی ہند کی جانب سے نارتھ گونڈا، دہلی میں درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر مح
سورہ نوح کا پیغام: دعوتِ حق میں صبر، استغفار اور اللہ پر کامل بھروسہ


جماعتِ اسلامی ہند کی جانب سے نارتھ گونڈا، دہلی میں درسِ قرآن کا انعقاد، ڈاکٹر محمد یامین نے سور? نوح کی تلاوت و تشریح پیش کی

نئی دہلی ،31اگست (ہ س )۔

جماعتِ اسلامی ہند کی جانب سے نارتھ گونڈا، دہلی میں درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر محمد یامین صاحب نے سورہ نوح کی تلاوت کے ساتھ اس کا ترجمہ اور تفسیری تشریح پیش کی۔ انہوں نے سورہ نوح کے شانِ نزول، اس کے پس منظر اور اس میں بیان کیے گئے اہم مضامین پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے قرآنِ مجید کے اس حصے کا خلاصہ حاضرین کے سامنے پیش کیا۔

ڈاکٹر محمد یامین صاحب نے بتایا کہ سورہ نوح میں حضرت نوح علیہ السلام کی دعوتِ توحید، اپنی قوم کو اللہ تعالیٰ کی طرف بلانے اور مسلسل جدوجہد کا نہایت مو¿ثر انداز میں ذکر کیا گیا ہے۔ حضرت نوح علیہ السلام نے اپنی قوم کو دن رات، علانیہ اور پوشیدہ مختلف انداز سے اللہ تعالیٰ کی بندگی کی دعوت دی، لیکن قوم کی ایک بڑی تعداد نے حق کو قبول کرنے کے بجائے مخالفت اور سرکشی کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے سورہ نوح میں حضرت نوح علیہ السلام کی طویل دعوتی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایک داعی کو حق کی دعوت پہنچاتے ہوئے صبر، حکمت اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ حضرت نوح علیہ السلام نے اپنی قوم کو اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرنے کی دعوت دی اور بتایا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔

درس کے دوران سورہ نوح میں بیان کردہ قومِ نوح کے رویے، ان کی ہٹ دھرمی اور حق کی مخالفت کے انجام پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ڈاکٹر محمد یامین صاحب نے قرآن کی آیات کی روشنی میں واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی اور حق سے مسلسل انکار کا انجام انسان کے لیے تباہ کن ہوتا ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت، استغفار اور اس کی طرف رجوع رحمت و برکت کا ذریعہ بنتا ہے۔

ڈاکٹر محمد یامین صاحب نے درس کے اختتام پر سورہ نوح کے اہم پیغام کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سورت انسان کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر ایمان رکھنے، اس کی نافرمانی سے بچنے، مسلسل استغفار کرنے اور مشکل حالات میں اللہ پر بھروسہ رکھنے کی تعلیم دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت نوح علیہ السلام کی زندگی دعوتِ حق کے میدان میں صبر و استقامت کی ایک عظیم مثال ہے۔ ان کی قوم کی شدید مخالفت کے باوجود انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری طرح ادا کی اور مسلسل اللہ تعالیٰ کی طرف بلاتے رہے۔ سور? نوح کا یہ پیغام آج بھی اہلِ ایمان کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے کہ حالات خواہ کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، حق کی دعوت کو حکمت، صبر اور مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سورہ نوح میں استغفار کی اہمیت بھی نمایاں طور پر سامنے آتی ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنی کوتاہیوں پر اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے، اس کی طرف رجوع کرے اور اپنے اعمال کی اصلاح کی کوشش کرے۔ یہی رویہ دنیا میں اللہ کی رحمت و برکت اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔درسِ قرآن کی اس نشست میں شرکاءنے سورہ نوح کی آیات کے ترجمہ، تفسیر اور عملی پیغام کو غور و فکر کے ساتھ سنا اور قرآنِ مجید کو سمجھ کر اپنی زندگی میں نافذ کرنے کی اہمیت کو محسوس کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande