
ہگلی، 29 اگست (ہ س)۔
اے سی بی کولکاتا سے موصول اطلاع کی بنیاد پر چندن نگر پولیس کمشنریٹ کی پولیس اور فوڈ سیفٹی افسر (ایف ایس او) نے ہگلی ضلع کے شری رام پور ملک پاڑہ کے اتر شملا علاقے میں ہلدی پاؤڈر بنانے والی ایک چھوٹی یونٹ پر ہفتہ کو چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران جانچ میں سامنے آیا کہ یونٹ کا ایف ایس ایس اے آئی لائسنس تقریباً آٹھ ماہ قبل ہی ختم ہو چکا تھا، اس کے باوجود وہاں غذائی مصنوعات سے متعلق سرگرمیاں جاری تھیں۔ کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی افسر نے وہاں تیار کیے جا رہے ہلدی پاؤڈر کے نمونے حاصل کیے۔ ان نمونوں کی لیبارٹری میں جانچ کی جائے گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ہلدی پاو¿ڈر میں کسی قسم کے مصنوعی رنگ یا دیگر ملاوٹ کا استعمال تو نہیں کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت ضروری درست لائسنس کے بغیر یونٹ چلانا ایک سنگین معاملہ ہے۔ معاملے میں فوڈ سیفٹی افسر اور مقامی پولیس کی جانب سے قانونی کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔
حکام کی جانچ اب اس بات پر بھی مرکوز ہے کہ ختم ہو چکے لائسنس کے باوجود یونٹ کتنے عرصے سے چل رہی تھی اور تیار کیے گئے ہلدی پاو¿ڈر کا معیار مقررہ غذائی تحفظ کے معیارات کے مطابق تھا یا نہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ