
تلنگانہ انویسٹمنٹ سمٹ کیلئے وار روم کے قیام کا فیصلہحیدرآباد، 28 اگست (ہ س)۔ تلنگانہ میں 7 سے 9 دسمبر تک منعقد ہونے والے گلوبل انوسٹمنٹ سمٹ ’’انویسٹ تلنگانہ‘‘ کے کامیاب انعقاد اور سرکاری اداروں اورعالمی کمپنیوں کے درمیان بہترتال میل کے ذریعہ وارروم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو کوہدایت دی گئی ہے کہ وار روم کے لئے ایک سینئرعہدیدارکونگران کے طور پرمقرر کیا جائے۔ نائب وزیراعلی بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں کابینی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انویسٹ تلنگانہ سمٹ کی تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں نے تیاریوں کے سلسلہ میں سب کمیٹی کوایکشن پلان سے واقف کرایا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ سمٹ کے لئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں۔ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اورڈی سریدھر بابو نے ماہرین اوراعلیٰ عہدیداروں پرمشتمل ذیلی کمیٹی کی تشکیل کی سفارش کی۔ گزشتہ سال کے انویسمنٹ سمٹ میں طے کئے گئے معاہدوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ کمیٹی مقامی اوربین الاقوامی اداروں کے ساتھ معاہدات میں پیشرفت کویقینی بنائے گی۔ چیف سکریٹری کوہدایت دی گئی کہ وہ روزانہ کی سطح پرانویسٹمنٹ سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیں۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق