
رکشا بندھن پر ملاوٹ خوروں کے خلاف بڑی کارروائی، 15 کوئنٹل خراب پنیر تلف
علی گڑھ، 27 اگست (ہ س)۔ رکشا بندھن کے موقع پر عوام کو محفوظ اور معیاری غذائی اشیا فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے ملاوٹ اور خراب اشیائے خوردنی کے خلاف خصوصی مہم چلائی۔ محکمہ کی ٹیموں نے دیر رات تک مختلف مقامات پر گاڑیوں اور غذائی اشیا کی جانچ کی۔
ٹپل کٹ، یمنا ایکسپریس وے پر بیرونی اضلاع سے آنے والی کھویا اور پنیر کی گاڑیوں کی جانچ کے دوران میوات، ہریانہ سے آنے والی ایک گاڑی سے تقریباً 15 کوئنٹل خراب پنیر برآمد ہوا، جسے انسانی صحت کے لیے مضر پائے جانے پر موقع پر ہی تلف کرا دیا گیا۔ پنیر کے نمونے بھی جانچ کے لیے حاصل کیے گئے۔
کارروائی کے دوران ایک دوسری گاڑی کے ڈرائیور نے جانچ سے بچنے کے لیے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے بھگانے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی مدد سے اسے باجنا کے قریب پکڑ لیا گیا۔ معاملہ متھرا ضلع سے متعلق ہونے کے باعث گاڑی کو وہاں کے محکمہ خوراک کے حوالے کر دیا گیا۔
اضافی ضلع مجسٹریٹ شہر کنشک شریواستو نے بتایا کہ تہوار کے دوران کھویا، پنیر، مٹھائی اور دیگر غذائی اشیا کے معیار پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اشیائے خوردنی خریدتے وقت معیار اور صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ملاوٹ یا مشتبہ غذائی اشیا کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ محکمہ کو دیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ