
اے ایم یو میں وزیر اعظم کے ‘یوا سمواد : کھیلو انڈیا ڈائیلاگ’ کی براہِ راست ویب کاسٹ کا اہتمام
علی گڑھ، 27 اگست (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ملک گیر سطح پر منعقد ہونے والے ‘وِکِسِت بھارت یوا کنیکٹ: اسپورٹس ایڈیشن’ کے تحت اپنے کیمپس میں ‘یوا سمواد: کھیلو انڈیا ڈائیلاگ’ کی براہِ راست ویب کاسٹ کا اہتمام کیا، جس کے ذریعہ بڑی تعداد میں اے ایم یو کے طلبہ نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے نوجوانوں سے کیے گئے قومی سطح کے براہِ راست خطاب میں شرکت کی۔
براہِ راست ویب کاسٹ کا انتظام اے ایم یو کے بوائز پولی ٹیکنک میں کیا گیا تھا، جہاں بڑی تعداد میں طلبہ، کھلاڑی، اساتذہ اور ‘‘مائی بھارت’’ کے عہدیداران وزیر اعظم کا خطاب دیکھنے اور سننے کے لیے جمع ہوئے۔ یہ اقدام طلبہ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کھیلوں کی ترقی اور قومی تعمیر سے متعلق حکومت ہند کے اہم قومی اقدامات اور پروگراموں سے جوڑنے کے تئیں یونیورسٹی کے عزم کی عکاس ہے۔
وزیر اعظم نے ملک بھر کے تقریباً 1600 مقامات پر 8 لاکھ سے زائد نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے کھیلوں کے نظام میں آنے والی تبدیلی، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں توسیع اور نوجوانوں کے لیے بڑھتے ہوئے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنی تجاویز پیش کرنے اور ملک کے کھیلوں اور ترقی کے سفر میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ براہِ راست ویب کاسٹ میں شریک اے ایم یو کے طلبہ نے ان کے خطاب کو گہری دلچسپی سے سنا اور سراہا۔
یہ پروگرام ہندوستان کے عظیم ہاکی کھلاڑی میجر دھیان چند کی یومِ پیدائش تقریبات کے تحت منعقد کیا گیا اور اس کا مقصد ملک میں کھیلوں کی ثقافت کو مستحکم کرنا اور کھیلوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ پروگرام کے پانچ اہم موضوعات میں کھیلوں کے نظام کو بہتر بنانا، 2036 کے اولمپکس کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تیاری، نوجوان رہنماؤں کی تیاری اور حکمرانی میں ان کی شرکت کی حوصلہ افزائی، وِکِسِت بھارت کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور وِکِسِت بھارت کے لیے نشہ سے پاک نوجوان تیار کرنا شامل تھے۔
پروگرام میں یونیورسٹی کے متعدد عہدیداران نے شرکت کی، جن میں اے ایم یو گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خاں، بوائز پولی ٹیکنک کے پرنسپل پروفیسر مجیب انصاری، اے ایم یو کے پی آر او عمر پیرزادہ، ڈاکٹر معراج الدین فریدی (پی ایچ ای)، ڈاکٹر حنیف، ڈاکٹر محمد عذیر، ڈاکٹر عمران خاں اور این ایس ایس کے دیگر ارکان شامل تھے۔
براہِ راست ویب کاسٹ، قومی پروگرام میں اے ایم یو کی شرکت، حکومت ہند کی فلاحی، نوجوانوں پر مرکوز اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی یونیورسٹی کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ یونیورسٹی باقاعدگی سے اپنے طلبہ کو قومی مہمات میں شرکت، سرکاری پروگراموں کو سمجھنے اور قومی تعمیر کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
این ایس ایس کے پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد محسن خاں اور پروگرام آفیسر ڈاکٹر عبدالجبار نے طلبہ کی شرکت کو سراہا۔ اس پروگرام نے اے ایم یو کے طلبہ اور کھلاڑیوں کو کھیلوں کے فروغ، قائدانہ صلاحیتوں کی نشوونما، باصلاحیت افراد کی شناخت اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور 2047 تک وِکِسِت بھارت کے وژن میں اپنے کردار پر غور و فکر کا موقع بھی فراہم کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ