
ڈی سی نے ضلع میں ریبیز سے بچاؤ کے اقدامات اور پروگرام کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا
جموں، 26 اگست (ہ س)۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال نے ضلع میں قومی انسدادِ ریبیز پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ریبیز کی روک تھام اور عوامی بیداری کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں ضلعی سطح کی مشترکہ کمیٹی کے سہ ماہی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ضلع میں جانوروں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات، ریبیز سے بچاؤ کے اقدامات اور پروگرام کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر ونود شرما نے اجلاس میں ضلع میں قومی انسدادِ ریبیز پروگرام کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کے پاس جانوروں کے کاٹنے کے متاثرین کے علاج کے لیے انسدادِ ریبیز ویکسین اور سیرم وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور متاثرہ افراد کو مقررہ طبی ضوابط کے مطابق علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریبیز ایک قابلِ انسداد بیماری ہے اور اس کی روک تھام کے لیے عوامی بیداری انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے پالتو جانوروں کی بروقت ویکسینیشن، آوارہ جانوروں سے غیر ضروری رابطے سے گریز اور جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد حاصل کرنے کے حوالے سے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے اسکولوں، دیہی و شہری علاقوں اور دیگر حساس مقامات پر باقاعدگی سے بیداری پروگرام منعقد کرنے کے ساتھ اخبارات، ذرائع ابلاغ اور سماجی ذرائع ابلاغ کے ذریعے ریبیز سے بچاؤ کے پیغامات عام کرنے پر بھی زور دیا۔ کرشن لال نے محکمہ صحت، حیوانات، بلدیاتی اداروں، جنگلات، تعلیم اور پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر تال میل قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آوارہ جانوروں کے انتظام، بروقت ویکسینیشن اور جانوروں کے کاٹنے کے واقعات پر فوری طبی کارروائی کے ذریعے ریبیز سے ہونے والی اموات کو روکا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں چیف اینیمل ہسبنڈری آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت، ضلع صحت افسر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر، ڈوڈہ و بھدرواہ میونسپل کونسلوں کے ایگزیکٹو افسران، وبائی امراض کے ماہرین، غیر سرکاری تنظیموں اور جانوروں کی بہبود سے وابستہ اداروں کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر