
ہلدوانی، 26 اگست (ہ س)۔ عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر بدھ کے روز ہلدوانی میں جلوسِ محمدیؐ پورے ادب، احترام اور عقیدت کے ساتھ نکالا گیا۔ بنبھول پورہ سے شروع ہونے والے اس جلوس میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔
بچوں کی معصومیت، نوجوانوں کا جوش اور بزرگوں کی عقیدت نے پورے ماحول کو روحانی اور خوشگوار بنا دیا۔ مجاہد چوک سے نکلا جلوس مقررہ راستے کے مطابق اندراآ نگر، نئی بستی اور دیگر علاقوں سے ہوتا ہوا چورگلیا روڈ، غفور بستی، ریلوے بازار اور بھوٹیا پڑاؤ سے گزرتے ہوئے واپس مجاہد چوک پہنچا، جہاں جلوس کا پُرامن طریقے سے اختتام ہوا۔
جلوس کے پورے راستے عقیدت مندوں کی خدمت کے لیے لوگوں نے لنگر، سبیل اور پھلوں کی تقسیم کا انتظام کیا۔ کئی مقامات پر جلوس کا پھولوں سے استقبال کیا گیا۔ یہ منظر ہلدوانی کی تہذیب اور باہمی محبت کی خوبصورت تصویر پیش کرتا نظر آیا۔
جلوس کے دوران شہر قاضی مفتی اعظم رضا قادری سمیت مسجد غفاری، نوری صابری مسجد، بھرتانہ مسجد، بلال مسجد سمیت مختلف مساجد کے علما نے تقاریر کے ذریعے لوگوں کو بھائی چارے، قومی یکجہتی، امن اور باہمی اخوت کا پیغام دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد