پریاگ راج میں پانی جمع ہونے کی سنگین صورتحال پر سماجوادی پارٹی کا احتجاج؛ لیڈروں نے اسمارٹ سٹی کے دعووں پرطنز کیا
پریاگ راج، 20 اگست (ہ س)۔ سماج وادی پارٹی کی میٹروپولیٹن یونٹ نے جمعرات کو شدید بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خلاف زوردار احتجاج کیا۔پارٹی کے میٹروپولیٹن صدر سید افتخار حسین کی قیادت میں کارکنوں نے پتھر گرجاگھر میںواقع احتجاجی مقام پر
UP-PRAGYAGRAJ-SAMAJWADI-PARTY-


پریاگ راج، 20 اگست (ہ س)۔ سماج وادی پارٹی کی میٹروپولیٹن یونٹ نے جمعرات کو شدید بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خلاف زوردار احتجاج کیا۔پارٹی کے میٹروپولیٹن صدر سید افتخار حسین کی قیادت میں کارکنوں نے پتھر گرجاگھر میںواقع احتجاجی مقام پر مظاہرہ کیا اور پانی جمع ہونے کے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے بعد ضلع مجسٹریٹ کے نام ایک عرضداشت اے سی ایم فرسٹ گیانیندر سنگھ کو سونپی گئی ۔

ایس پی لیڈروں نے کہا کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے شہر کی اہم سڑکوں کے ساتھ ساتھ پولیس اسٹیشن، اسپتال، اسکول، سرکاری دفاتر اور کئی محلوں میں کئی دنوں سے پانی بھرا ہوا ہے۔اس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی جمع ہے، جن میں منڈیرا، دھومن گنج، غوث نگر، کریلی، ساکیت نگر، میرا پٹی، جارج ٹاؤن، ٹیگور ٹاؤن، اللہ پور، سلوری، باگھاڑ، اشوک نگر، راجا پور، اونچوا گڑھی اور بیلی گاؤں شامل ہیں۔

عرضداشت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سیوریج کا گندا پانی بیک فلو کرکے کئی مقامات پر گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ نینی میںا سٹیشن روڈ پر واقع شیو مندر سے لے کررام مندر تک اور جمنا نگر بستی میں بھی پانی جمع ہونے کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ شوگر مل، رام لیلا میدان، چک ڈوڈی، مہیوا، ڈانڈی، نندن تالاب، نینی بازار اور شنکر ڈھال سمیت کئی علاقوں میں بھی پانی بھرے ہونے کا دعویٰ کیا۔ایس پی لیڈروں نے کہا کہ پانی جمع ہونے سے کئی خاندانوں کے لیے پینے کے پانی اور خوراک کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہے جس سے لوگ اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے وبائی امراض کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

میٹروپولیٹن کے صدر سید افتخار حسین نے کہا کہ شہر کوا سمارٹ سٹی بنانے کے دعووں کے باوجود بارش کے موسم میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ سنگین رہتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرکاری فنڈز کا مناسب استعمال نہیں ہونے کی وجہ سے شہر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایس پی لیڈروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پانی بھرے علاقوں سے فوری طور پر پانی نکالا جائے، سیوریج سسٹم کی مرمت کی جائے، پینے کے پانی اور بجلی کی سپلائی بحال کی جائے اور صفائی ستھرائی اور دوا کے چھڑکاو کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر مسائل کو جلد حل نہیں کیا گیا تو سماج وادی پارٹی بڑی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔

ایس پی کے ترجمان دان بہادر مادھور نے بتایا کہ اس موقع پر ضلع صدر انل یادو، ایم ایل سی ڈاکٹر مان سنگھ یادو، سابق ایم ایل اے ستیہ ویر منا، باسو دیو یادو، جنرل سکریٹری رویندر یادو ایڈوکیٹ، طارق سعید اجو، امرناتھ موریہ، دودھناتھ پٹیل، ببن دوبے، پندھاری یادو، مینک یادو جانٹی، آستھا سنگھ، پٹیل سنگھ، رماکانت پٹیل سمیت پارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande