
حیدرآباد ،20 اگست (ہ س)۔
تلنگانہ مائنارٹیزریزیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزسوسائٹی کے صدرمحمد فہیم الدین قریشی نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی اوررہائشی سہولیات کے معیار کاجائزہ لینے کے لیے تلنگانہ مائنارٹیزریزیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزبہادرپورہ گرلز–1 اورگولکنڈہ گرلزجونیئرکالج سنٹرآف ایکسیلنس کااچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر حکومتِ تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود اورسکریٹری بی شفیع اللہ،آئی ایف ایس بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران دونوں عہدیداروں نے اداروں کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی معیار،طالبات کی تعلیمی پیش رفت، نظم و ضبط، حاضری، طلبہ کی فلاح و بہبود، صفائی و حفظانِ صحت، بنیادی ڈھانچے، کلاس رومز، ہاسٹل کی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں اور عملے سے انتظامی و تعلیمی امور کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ طالبات کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ محمد فہیم الدین قریشی نے طالبات اور تدریسی و غیر تدریسی عملے سے براہِ راست ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل اور ضروریات کے بارے میں دریافت کیا اور طالبات کو محنت، نظم و ضبط اور تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی تعلیمی اداروں کا مقصد صرف نصابی تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی، اخلاقی تربیت، ذہنی و جسمانی نشوونما اور مستقبل کے چیلنجزکاسامناکرنے کے لیے انہیں تیارکرنا بھی ہے۔معائنے کے دوران متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ تعلیمی معیارمیں مسلسل بہتری، بہتر بنیادی سہولیات، صفائی کے اعلیٰ معیار، ہاسٹل کی مناسب دیکھ بھال اور طالبات کی حفاظت و سلامتی کو ہرحال میں یقینی بنایا جانہ چاہیے ۔
حکام نے واضح کیا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی صرف اچھے نتائج تک محدود نہیں ہوتی بلکہ طلبہ کے لیے ایک محفوظ، صاف ستھرا، صحت مند اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبوداورتلنگانہ مائنارٹیزریزیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزسوسائٹی کی قیادت نے اس بات پرزوردیا کہ ریاست بھرمیں اقامتی تعلیمی اداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی اورجہاں بھی بہتری کی گنجائش ہوگی وہاں فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ ہرطالب علم کو بہتر تعلیم، محفوظ ماحول، صاف ستھری رہائش اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔
۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق