
ڈیوٹی سے گھر واپسی کے دوران غنڈوں نے کی تھی مارپیٹ، ضلع اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑا
بارابنکی، 19 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے بارابنکی ضلع کے رام نگر کوتوالی علاقے کے بھرسوان گاوں میں پیر کی شام پرانی دشمنی پر شرپسندوں نے پولیس اسٹیشن رام نگر میں تعینات چوکیدار راجیش یادو (45) کو لاٹھیوں سے مارپیٹ کر شدید زخمی کر دیا۔ کل شام ضلع اسپتال میں زیر علاج رہتے ہوئے ان کی موت ہوگئی۔ بدھ کو پولیس نے متوفی کے بیٹے رامو یادو کی شکایت پر پانچوں ملزموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا۔
پولیس کے مطابق راجیش یادو پیر کی شام تقریبا 7 بجے اپنی ڈیوٹی مکمل کر کے گھر لوٹ رہے تھے۔ انہیں ملزموں نے گاوں کے قریب سہجرام موریہ کے پیپرمنٹ ٹینک کے قریب روکا۔ الزام ہے کہ شبھم، بابو، شرون، کلدیپ اور رام کیلاش نے ان کے ساتھ بدگالی گلوج کی اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ حملے میں راجیش کے سر سمیت جسم کے کئی حصوں پر شدید چوٹیں آئیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر گاوں کے رام لکھن اور شیوپال زخمی راجیش کو رام نگر پولیس اسٹیشن لے گئے۔ وہاں سے انہیں سی ایم سی ایچ رام نگر بھیج دیا گیا۔ جب ان کی حالت تشویشناک ہوگئی تو ڈاکٹروں نے انہیں ضلع اسپتال بھیج دیا۔ پیر کی رات تقریبا 9 بج کر 30 منٹ پر ضلع اسپتال میں زیر علاج رہتے ہوئے ان کی موت ہوگئی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
بدھ کو پولیس نے متوفی کے بیٹے رامو یادو کی شکایت پر پانچوں ملزموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیاہے۔ معاملہ کی تحقیقات انسپکٹر ارون پرتاپ سنگھ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایس پی ارپت وجے ورگیا نے کہا کہ واقعے کی سنجیدگی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ امن برقرار رکھنے کے لیے گاوں میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی