
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س): ڈیٹنگ ایپ پر فرضی پروفائل بنا کر 67 سالہ بزرگ سے دوستی کرنے اور پھر ملاقات کے دوران ان کا موبائل فون چوری کرکے بینک اکاؤنٹس سے 1.30 لاکھ روپے اڑانے کے معاملے میں جنوبی مغربی ضلع پولیس نے دو نوجوان خواتین کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت دہلی کی رہنے والی جیوتسنا (26) اور مانسی (21) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیوتسنا نے فرضی شناخت کے ساتھ ڈیٹنگ ایپ پر پروفائل بنایا تھا، جبکہ اس کی ساتھی مانسی نے پروفائل ہولڈر بن کر بزرگ سے ملاقات کی۔ موبائل چوری کرنے کے بعد دونوں نے مبینہ طور پر یو پی آئی کے ذریعے رقم منتقل کی اور ثبوت مٹانے کے لیے چوری کیا گیا موبائل فون بھی تباہ کردیا۔
جنوبی مغربی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس امیت گوئل نے بدھ کو بتایا کہ 67 سالہ متاثرہ شخص کی ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ایک خاتون سے بات چیت شروع ہوئی تھی۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان ٹیلی گرام پر گفتگو ہونے لگی۔ بات چیت آگے بڑھنے پر خاتون نے متاثرہ شخص سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ 20 جولائی اور 24 جولائی کو دونوں ملزمان نے متاثرہ شخص سے ملاقات کی تھی۔
24 جولائی کو متاثرہ شخص دونوں نوجوان خواتین کے ساتھ ڈیفنس کالونی کے ایک ریسٹورنٹ میں ڈنر کرنے پہنچا۔ کھانا کھانے کے بعد جب وہ وہاں سے نکل رہے تھے، اسی دوران ان کا موبائل فون چوری ہوگیا۔ متاثرہ شخص کو اس کا علم ہونے تک ملزمان مبینہ طور پر موبائل فون استعمال کرچکی تھیں۔ کچھ ہی دیر بعد ان کے دو بینک اکاؤنٹس سے بغیر اجازت یو پی آئی کے ذریعے مجموعی طور پر 1.30 لاکھ روپے منتقل کردیئے گئے۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر 25 جولائی کو سائبر تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔
معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس ایچ او پرویش کوشک کی قیادت میں ایس آئی نیرج اور ہیڈ کانسٹیبل سندیپ کی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے بینکنگ ٹریل، رقم حاصل کرنے والے اکاؤنٹس، سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی نگرانی کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگانا شروع کیا۔ پولیس نے متعلقہ بینک اکاؤنٹس کے اکاؤنٹ اوپننگ فارم، کے وائی سی دستاویزات، بینک اسٹیٹمنٹ اور لین دین کی تفصیلات حاصل کیں۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ متاثرہ شخص سے ٹھگی گئی 1.30 لاکھ روپے کی رقم پہلے ایک ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں پہنچی۔ اس کے بعد رقم اس کی ساتھی کے دوسرے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔ اس میں سے 90 ہزار روپے اے ٹی ایم کے ذریعے نکالے گئے۔
پولیس نے اے ٹی ایم اور آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی۔ اس میں دونوں نوجوان خواتین ٹھگی کی رقم نکالتے ہوئے نظر آئیں۔ یہ فوٹیج تحقیقات میں اہم سراغ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد بینکنگ لین دین اور تکنیکی نگرانی کی بنیاد پر پولیس دونوں مشتبہ ملزمان تک پہنچ گئی۔ پوچھ گچھ کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر دونوں کے درمیان تیار کیے گئے پورے منصوبے کا پتہ لگایا۔
تحقیقات کے مطابق، جیوتسنا نے فرضی شناخت کے ساتھ ڈیٹنگ ایپ پر پروفائل بنایا تھا۔ اس نے 67 سالہ بزرگ سے بات چیت شروع کی اور بعد میں اپنی ساتھی مانسی کو منصوبے میں شامل کرلیا۔ مانسی ڈیٹنگ ایپ پر بات چیت کرنے والی اصل خاتون نہیں تھی، لیکن اس نے اسی خاتون کی شناخت ظاہر کرکے متاثرہ شخص سے ملاقات کی۔ اس طرح متاثرہ شخص کو یقین دلایا گیا کہ وہ اسی خاتون سے مل رہا ہے، جس سے اس کی آن لائن بات چیت ہوئی تھی۔
پولیس کی تحقیقات میں سامنے آیا کہ دوسری ملاقات کے دوران ریسٹورنٹ میں ڈنر کے بعد متاثرہ شخص کا موبائل فون چوری کیا گیا۔ الزام ہے کہ اس کے بعد موبائل فون استعمال کرکے ان کے بینک اکاؤنٹس سے یو پی آئی کے ذریعے 1.30 لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔ رقم کو مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے بعد 90 ہزار روپے اے ٹی ایم سے نکال لیے گئے۔
پولیس کے مطابق، واردات کے بعد دونوں نے چوری کیے گئے موبائل فون کو بھی تباہ کردیا، تاکہ پولیس کو کوئی الیکٹرانک ثبوت نہ مل سکے۔ تاہم بینکنگ ٹریل، سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی نگرانی کے ذریعے پولیس نے دونوں ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد