
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے منشیات کی اسمگلنگ کے معاملے میں تقریباً تین سال سے مفرور چل رہے اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کی شناخت روہتک کے ساکن امت شیوران کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، امت قومی سطح کا پہلوان رہ چکا ہے اور ہریانہ نیز دہلی کے اکھاڑوں میں مشق کرنے والے پہلوانوں تک افیون پہنچاتا تھا۔ جھارکھنڈ کے رانچی میں واقع دھروا (تپودانہ) تھانے میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کے معاملے میں عدالت نے اسے 6 دسمبر 2023 کو مفرور قرار دیا تھا۔
پولیس افسر کے مطابق کرائم برانچ کی این آر-II یونٹ کو ملزم کے بارے میں مسلسل تکنیکی نگرانی اور مخبروں کے ذریعے اطلاعات مل رہی تھیں۔ پولیس کو 18 اگست کو اطلاع ملی کہ امت اپنے کسی رشتہ دار سے ملنے رانی باغ-پیتم پورہ کے علاقے میں آئے گا اور مدھوبن چوک میٹرو اسٹیشن کی طرف جائے گا۔ ٹیم نے وہاں گھیرا بندی کی اور رات تقریباً 10 بجے شناخت کے بعد اسے دبوچ لیا۔ بعد ازاں اسے جھارکھنڈ پولیس کے تفتیشی افسر کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، 20 اپریل 2023 کو دھروا تھانہ پولیس نے 492 گرام افیون کے ساتھ جھارکھنڈ کے کھونٹی کے ساکن راجیش ناگ کو پکڑا تھا۔ پوچھ گچھ میں اس نے بتایا تھا کہ وہ افیون کی کاشت کرتا تھا اور شمالی ہندوستان کے پہلوانوں کو اس کی سپلائی کرتا تھا۔ اس نے رنجیت اور امت شیوران کو افیون حاصل کرنے والوں کے طور پر نامزد کیا تھا۔ اسی بنیاد پر دھروا تھانے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پوچھ گچھ میں امت نے پولیس کو بتایا کہ اس نے 14 سال کی عمر میں گاوں کے اکھاڑے سے کشتی کی شروعات کی تھی۔ 17 سال کی عمر میں وہ روہتک کے مہر سنگھ اکھاڑے اور بعد میں چھترپال اسٹیڈیم سے وابستہ ہو گیا۔ اس کے مطابق، متعدد پہلوان زیادہ دیر تک مشق کرنے کے لیے افیون کا استعمال کرتے تھے۔ اسی دوران اس کی ملاقات رنجیت سے ہوئی، جو دہلی سمیت دیگر ریاستوں کے اکھاڑوں میں افیون پہنچاتا تھا۔
امت نے 2013 میں کنیا کماری میں منعقدہ نیشنل کیڈٹ کشتی مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ وہ ریلوے میں ملازمت حاصل کرنا چاہتا تھا، لیکن مجرمانہ سرگرمیوں میں الجھ گیا۔ بعد میں وہ دہلی کے سبھاش پلیس علاقے کے بار اور پب میں باونسر کا کام کرنے لگا۔ پولیس کے مطابق، رنجیت نے اسے جلد امیر بننے کا لالچ دے کر اسمگلنگ کے کاروبار میں اتارا۔ اس کے بعد وہ رانچی سے افیون لا کر دہلی اور ہریانہ کے پہلوانوں کو سپلائی کرنے لگا۔ پولیس کے مطابق، امت کے خلاف قتل، اقدامِ قتل، آرمز ایکٹ، دھوکہ دہی اور این ڈی پی ایس ایکٹ سمیت چھ مقدمات درج ہیں۔ ان میں رانی باغ، سبھاش پلیس، کنجھاولا اور کرائم برانچ دہلی کے مقدمات شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن