
نوادہ کے خانواں اسکول احاطے میں ایک نابالغ کی لاش برآمد، دو نوجوان حراست میں
نوادہ، 18 اگست (ہ س)۔ نوادہ ضلع کے نرہٹ تھانہ علاقے کے تحت خانواں اسکول احاطے کے برآمدے میں منگل کے روز ایک 17 سالہ لڑکے کی لاش ملنے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اطلاع ملتے ہی نرہٹ تھانہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ ضلع ہیڈ کوارٹر کی فارنسک ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ متوفی گولو کمار 17 سالہ بیٹا ولوچن سنگھ ساکن خانواں ہے۔
اہل خانہ کے مطابق گولو ذہنی طور پر معذور تھا اور اپنے ایک دوست کے ساتھ گھر سے نکلا تھا۔ دوپہر دو بجے کے قریب ایک نوجوان نے گھر والوں کو اطلاع دی کہ گولو اسکول احاطے میں گرا ہے۔ جب گھر والے پہنچے تو انہوں نے اسے مردہ پایا۔ متوفی کے والد ولوچن سنگھ نے بتایا کہ گولو کے سر اور گال پر چوٹیں تھیں اور خون بہہ رہا تھا۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ اس کے دوستوں نے اسے قتل کیا ہے اور اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج گوتم کمار پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے دو نوجوانوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فارنسک جانچ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ جرائم پیشوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan