
اے ایم یو کی این ایس ایس اکائی کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر حب الوطنی پر مبنی پروگراموں کا اہتمام
علی گڑھ، 14 اگست (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اکائی نے یومِ آزادی کے موقع پر تخلیقی و بیداری پروگراموں کا ایک سلسلہ منعقد کیا، جن کا مقصد حب الوطنی، سماجی ذمہ داری، صحت مند طرزِ زندگی اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام میں ایک پینٹنگ مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کا افتتاح دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما نے کیا۔ انہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرٹ حب الوطنی، سماجی ذمہ داری اور مثبت خیالات کے اظہار کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
ڈاکٹر اظہر جمیل، سابق پرنسپل، یونیورسٹی پولی ٹیکنک بوائز نے مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ کِڈز پبلک اسکول کے منیجر ڈاکٹر کرامت علی مہمان ذی وقار تھے۔
‘‘منشیات سے پاک اے ایم یو’’ کے موضوع پر بیداری لیکچر اے ایم یو کے رابطہ عامہ افسر جناب عمر پیرزادہ نے دیا۔ انہوں نے منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے طلبہ کو صحت مند اور نظم و ضبط پر مبنی طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی۔
انہوں نے منشیات سے پاک کیمپس اور معاشرے کے قیام میں نوجوانوں کے کردار کو اہم قرار دیا۔
‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’ مہم کے تحت شجرکاری کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر وبھا شرما ، مسٹر عمر پیرزادہ، انجینئر طاہر احمد، ڈاکٹر عبدالجبار، مسٹر محمد نعیم، مسٹر ارشاد احمد (آرگنن انسٹی ٹیوٹ) ،اور سماجی کارکن مسٹر عمران منٹو نے پودے لگائے۔ یہ پروگرام این ایس ایس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد محسن خان کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔ طلبہ، اساتذہ، این ایس ایس رضاکاروں اور سماجی کارکنوں نے ان سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ