
ممبئی ، 14 اگست (ہ س) مہاراشٹر لوک آیوکت ادارے کے 4 نومنتخب ارکان کی حلف برداری کی تقریب جمعہ کو ممبئی کے لوک بھون میں منعقد ہوئی۔ گورنر جیشنو دیو ورما نے تمام نومنتخب ارکان کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔لوک بھون کے ترجمان کے مطابق سب سے پہلے ممبئی ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس سریندر پنڈھریناتھ تاوڑے نے مہاراشٹر لوک آیوکت کے عدالتی رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ اس کے بعد ریٹائرڈ چیف ڈسٹرکٹ جج سُوارنا کشور کیولے نے دوسرے عدالتی رکن کے طور پر حلف لیا۔
ریٹائرڈ ایڈیشنل چیف سکریٹری اوم پرکاش گپتا اور ریاست کی سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس رشمِی شکلا نے غیر عدالتی ارکان کی حیثیت سے حلف لیا۔ تمام ارکان کی تقرری 5 سال کی مدت یا 70 سال کی عمر مکمل ہونے تک کی گئی ہے۔ ان دونوں میں سے جو مدت پہلے مکمل ہوگی، اسی کے مطابق ان کی مدت کار ختم ہوگی۔تقریب کے آغاز میں گورنر کے سکریٹری ڈاکٹر پرشانت نارنویرے نے مہاراشٹر لوک آیوکت کے نومنتخب ارکان کی تقرری سے متعلق گورنر کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ پروگرام کا آغاز وندے ماترم، قومی ترانے اور مہاراشٹر کے ریاستی ترانے سے ہوا، جبکہ تقریب کا اختتام بھی وندے ماترم اور قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا۔حلف برداری کی تقریب میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، لوک آیوکت جسٹس ودیاساگر کانڈے، چیف سکریٹری راجیش اگروال، اعلیٰ سرکاری افسران اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے