
نئی دہلی، 14 اگست (ہ س)۔
یوم آزادی 2026 کے موقع پر حکومت نے پولیس، فائر سروس، ہوم گارڈ اور سول ڈیفنس اور اصلاحی خدمات انجام دینے والے 1057 اہلکاروں کو بہادری اور خدمات کے تمغوں سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے جمعہ کو بہادری کے 301 تمغوں کی فہرست جاری کی۔ ان میں پولیس اہلکاروں کے لیے 272 اور فائر سروس کے اہلکاروں کے لیے 29 تمغے شامل ہیں۔ 301 بہادری کے تمغوں میں بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں کے 197، جموں و کشمیر کے 51، شمال مشرقی خطے کے 12 اور دیگر علاقوں کے 41 اہلکار شامل ہیں۔
مجموعی طور پر 92 صدارتی تمغے بھی دیے گئے ہیں۔ ان میں پولیس سروس کے 83، فائر سروس کے چار، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈ سروس کے تین اور اصلاحی خدمات کے دو تمغے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 664 قابل تعریف خدمات کے تمغے بھی دیے گئے ہیں۔ ان میں پولیس سروس کے 606، فائر سروس کے 28، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈ سروس کے 18 اور اصلاحی خدمات انجام دینے والے 12 اہلکار شامل ہیں۔
بہادری کا تمغہ جان و مال کی حفاظت، جرائم کی روک تھام یا مجرموں کو گرفتار کرنے میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرنے پر دیا جاتا ہے۔
ممتاز خدمات کیلئے صدر کا تمغہ خدمات میں نمایاں ریکارڈ کے لیے دیا جاتا ہے، جبکہ قابل تعریف خدمات کا تمغہ وسائل اور فرض شناسی کے ساتھ قابل قدر خدمات انجام دینے پر دیا جاتا ہے۔
دہلی سے پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل دنیش کمار گپتا اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر راجیش کمار کو امتیازی خدمات کے لیے صدارتی تمغے سے نوازا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کے 15 پولیس اہلکاروں کو بہترین خدمات کے تمغے سے نوازا گیا ہے۔ ان میں انسپکٹر جنرل نپور پرساد، انسپکٹر جنرل سریندر کمار، انسپکٹر راکیش کمار بھٹ، سب انسپکٹر انجنا کماری اور سب انسپکٹر تارا دت سمیت دیگر دس پولیس اہلکار شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ