
سی آئی ایس ایف نے چسوتی میں جاں بحق جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا
جموں، 14 اگست (ہ س)۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے کشتواڑ کے چسوتی میں گزشتہ سال بادل پھٹنے کے سانحے کے دوران یاتریوں کو بچاتے ہوئے جان قربان کرنے والے تین اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سی آئی ایس ایف کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل ایم کے بسوال، آنند کمار اور کانسٹیبل سنجے کمار مرمو نے 14 اگست 2025 کو چسوتی میں بادل پھٹنے کے بعد جاری امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ اہلکاروں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر یاتریوں کو بچانے کی کوششیں کیں اور متعدد قیمتی جانیں بچانے کے بعد خود فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگئے۔
سی آئی ایس ایف نے کہا کہ تینوں اہلکاروں نے شدید خطرے کے باوجود اپنی ذات پر فرض کو ترجیح دی اور دوسروں کی جان بچاتے ہوئے عظیم قربانی پیش کی۔ واضح رہے کہ کشتواڑ ضلع میں مچیل ماتا مندر جانے والے راستے پر واقع چسوتی گاؤں میں 14 اگست 2025 کو بادل پھٹنے کے نتیجے میں شدید تباہی ہوئی تھی۔ اس سانحے میں زیادہ تر یاتریوں سمیت 65 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 30 سے زائد افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔
سی آئی ایس ایف نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی بہادری، بے لوث خدمت اور فرض سے وابستگی فورس اور پوری قوم کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ ایک سال گزرنے کے باوجود ان کی قربانی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور ان کی یاد آنے والی نسلوں کو بھی متاثر کرتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر