
جموں،14 اگست (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع کے پنچاری علاقے میں جمعہ کو ویلیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کے ایک رکن نے مبینہ طور پر اپنے دو ساتھیوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک وی ڈی جی رکن ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ حکام کے مطابق واقعہ دور افتادہ پنچاری علاقے میں اس وقت پیش آیا جب وی ڈی جی کے ارکان ڈمنوٹ پولیس پوسٹ کی طرف جا رہے تھے۔ راستے میں ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا، جس کے بعد سسری ڈمنوٹ کے رہائشی سریجیت سنگھ نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں بلدیو سنگھ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ رومیش سنگھ شدید زخمی ہوا۔ زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق جھگڑے کی اصل وجہ اور فائرنگ سے قبل پیش آنے والے واقعات کی مکمل تفصیلات ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر