
پولیس تصادم میں 25 ہزار روپے کا انعامی بدمعاش زخمی
۔ گئو کشی کے معاملے میں مطلوب تھا، پولیس کی جیپ میں گولی لگی، دیسی پستول اور کارتوس برآمد
اوریا، 12 اگست (ہ س)۔ اترپردیش کے اوریا ضلع میں اجیت مل کوتوالی علاقے کے بھیکھے پور-جوا روڈ پر بدھ کو پولیس، سواٹ اور سرویلانس ٹیم کی مشترکہ کارروائی کے دوران 25 ہزار روپے کے انعامی بدمعاش سے پولیس کا تصادم ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بدمعاش نے محاصرہ کئے جانے پر پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں اس کی ٹانگ میں گولی لگ گئی۔ پولیس نے زخمی بدمعاش کو گرفتار کرکے علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ گئو کشی کے معاملے میں مطلوب 25 ہزار روپے کا انعامی بدمعاش علاقے میں موجود ہے اور فرار ہونے کی کوشش میں ہے۔ اطلاع ملنے پر اجیت مل کوتوالی پولیس کے ساتھ سواٹ اور سرویلانس ٹیم نے بھیکھے پور-جوا روڈ پر چیکنگ شروع کردی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان آتا ہوا دکھائی دیا۔
پولیس ٹیم نے اسے رکنے کا اشارہ کیا، لیکن اس نے موٹر سائیکل روکنے کے بجائے تیزی سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ کچھ دور جانے کے بعد موٹر سائیکل پھسل گئی۔ خود کو پولیس سے گھرا دیکھ کر ملزم نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ اجیت مل کے سی او منوج گنگوار کے مطابق، ملزم کی جانب سے چلائی گئی ایک گولی تھانہ انچارج کی جیپ میں لگی۔ پولیس ٹیم نے اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی، جس میں ملزم کی ٹانگ میں گولی لگ گئی۔ اس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت اجیت مل، اوریا کے رہنے والے وارث عرف راجا کے طور پر کی ہے۔ اس کے قبضے سے ایک دیسی پستول، 4 زندہ کارتوس، 2 خالی کارتوس اور بغیر نمبر کی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ سی او نے بتایا کہ ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ سرچ کرنے پر اس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایک درجن سے زیادہ مقدمات درج ملے ہیں۔ پولیس اب اس کے دیگر مجرمانہ معاملات اور ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات جمع کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن