
جموں, 12 اگست (ہ س)۔ جموں شہر کے ادے والا علاقے میں 29 سالہ لڑکی نتاشا کی مشتبہ حالات میں موت کے بعد معاملہ الجھ گیا ہے۔ رشتہ داروں نے موت کے حالات پر سوالات اٹھاتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے اور پولیس سے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نتاشا کی موت کی اطلاع ملنے پر اس کے رشتہ دار اور جاننے والے موقع پر پہنچے۔ وہاں انہیں بتایا گیا کہ نتاشا سیڑھیوں سے گر گئی تھی، تاہم بعد میں اس کی لاش گھر کی چھت پر پائی گئی، جس کے بعد رشتہ داروں نے واقعے کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔
نتاشا کی بھابھی نے بھی اس کی موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ رشتہ داروں کے مطابق نتاشا اپنی والدہ کے ساتھ رہتی تھی، جبکہ اس کے والد کا تقریباً ایک سال قبل انتقال ہوچکا ہے۔ اس کی والدہ کے ذہنی طور پر بیمار ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔
رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نتاشا کی لاش کئی روز تک گھر کی چھت پر پڑی رہی۔ اگر ایسا ہے تو اہل خانہ اور آس پاس کے لوگوں کو اس کی اطلاع کیوں نہیں ہوئی، یہ بھی ایک اہم سوال ہے۔
پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ واضح ہوسکے گی۔ پولیس رشتہ داروں اور مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کررہی ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر