
عالمی قبائلی دن پر تعطیل سمیت تین اہم مطالبات کو لے کر کانگریس وفد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی
بھوپال، 31 جولائی (ہ س)۔ سینئر کانگریس رہنما اور ایم پی قانون ساز اسمبلی میں حزب اختلاف رہنما امنگ سنگھار کی قیادت میں کانگریس قانون ساز پارٹی کے قبائلی وفد نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے ملاقات کر کے قبائلی سماج سے متعلق مختلف مسائل کو لیکر میمورنڈم پیش کیا۔ وفد نے عالمی قبائلی دن پر عام تعطیل کا اعلان کرنے، قبائلی علاقوں کی سرکاری اداروں کی نجکاری پر روک لگانے اور ریوا میں قبائلی کانگریس کے ضلع صدر کے قاتلوں پر سخت کارروائی کی مانگ کی۔
میمورنڈم میں 9 اگست کو منائے جانے والے عالمی قبائلی دن پر ریاستی سطح کی عام تعطیل کا اعلان کرنے، قبائلی علاقوں کے سرکاری آئی ٹی آئی، ہاسٹلز اور صحت مراکز کی نجکاری پر فوری طور پر روک لگانے نیز ریوا قبائلی کانگریس کے ضلع صدر کے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کی مانگ اہم طور پر اٹھائی گئی۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران اراکینِ اسمبلی پھوندے لال مارکو، کیدار ڈابر، جھوما سولنکی، سنجے یوئیکے اور سُنیل یوئیکے بھی موجود رہے۔
ملاقات کے بعد حزب اختلاف رہنما امنگ سنگھار نے کہا کہ قبائلی سماج کے احترام، حقوق اور مستقبل سے متعلق اہم مسائل کو پوری سنجیدگی کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے عالمی قبائلی دن پر ریاستی تعطیل کا اعلان کرنے، قبائلی ہاسٹلز اور دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری پر روک لگانے، خستہ حال ہاسٹلز کی صورت حال میں سدھار کرنے نیز ریوا قتل کیس کے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ دہرائی۔
سنگھار نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے وفد کے مطالبات پر مثبت یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قبائلی سماج کے آئینی حقوق، احترام اور مفادات کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا، ’’قبائلی سماج کے احترام اور حقوق پر کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن