
نئی دہلی، 31 جولائی (ہ س)۔ قومی دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر ٹی20- کرکٹ کا جنون عروج پر پہنچنے والا ہے، جہاں دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) 2026 کے تیسرے سیزن کا آغاز آج جمعہ سے تاریخی ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ افتتاحی میچ میں سینٹرل دہلی کنگز کا مقابلہ پرانی دہلی 6 سے ہوگا۔
پہلے میچ سے قبل شائقین کے لیے ایک شاندار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے، جو شام 5:30 بجے شروع ہوگی۔ تقریب میں معروف گلوکارہ سنندا شرما اور مشہور پنجابی گلوکار سکھبیر سنگھ اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔
دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے صدر روہن جیٹلی نے کہا کہ دہلی پریمیئر لیگ ہر سیزن کے ساتھ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں لیگ نے نمایاں ترقی کی ہے اور کھلاڑیوں، فرنچائزز اور شائقین کی بھرپور حمایت حاصل کی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ اس بار بھی ٹورنامنٹ میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ، سنسنی خیز مقابلے اور ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں شاندار ماحول دیکھنے کو ملے گا۔
سینٹرل دہلی کنگز کے کپتان یش دھول نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ٹیم نے سخت محنت کی ہے اور تمام کھلاڑی نئے سیزن کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے اور ان کا ہدف بے خوف کرکٹ کھیلتے ہوئے ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہے۔
دوسری جانب پرانی دہلی 6 کے کپتان انوج راوت نے بھی اپنی ٹیم کے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہلی پریمیئر لیگ کے لیے ہر سال شائقین کا جوش بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اچھی تیاری کی ہے اورہم مضبوط ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ان کا مقصد مثبت کرکٹ کھیلنا، شائقین کو بہترین تفریح فراہم کرنا اور ہر مقابلے میں بھرپور چیلنج پیش کرنا ہے۔
مردوں کے مقابلوں کا ٹورنامنٹ 30 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ فائنل کے لیے 31 اگست کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔ خواتین کا ٹورنامنٹ 20 اگست سے شروع ہوگا اور 2 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ اس کے فائنل کے لیے 3 ستمبر کو ریزرو ڈے مقرر کیا گیا ہے۔مردوں اور خواتین، دونوں زمروں کے تمام میچز ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جہاں تقریباً ایک ماہ تک کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan