
نئی دہلی، 31 جولائی(ہ س)۔ بھارت کی ابھرتی ہوئی بیڈمنٹن کھلاڑی انتی ہڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تائی پے اوپن 2026 کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ جمعہ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں انتی نے اپنی ہم وطن دیویکا سہاگ کو 23-21، 21-16 سے شکست دے دی۔پہلے گیم میں انتی نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے 11-3 کی مضبوط برتری حاصل کر لی تھی، تاہم دیویکا نے زبردست واپسی کرتے ہوئے مقابلہ 21-21 سے برابر کر دیا۔ فیصلہ کن لمحات میں انتی نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے مسلسل دو پوائنٹس حاصل کیے اور پہلا گیم 23-21 سے اپنے نام کر لیا۔دوسرے گیم میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ وقفے تک انتی 11-9 سے آگے تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے کھیل پر مکمل گرفت مضبوط کر لی، جبکہ مسلسل پوائنٹس گنوانے کے باعث دیویکا کی رفتار متاثر ہوئی۔ اننتی نے دوسرا گیم 21-16 سے جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔18 سالہ انتی ہڈا اب سیمی فائنل میں چائنیز تائی پے کی چیو پن-چیان اور ویتنام کی نگوین تھوئی لنہ کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح کھلاڑی سے مقابلہ کریں گی۔دوسری جانب بھارت کے دیگر کھلاڑی تنوی شرما اور کرن جارج بھی جمعہ کو اپنے اپنے سنگلز کوارٹر فائنل مقابلے کھیلیں گے۔ تنوی شرما کا مقابلہ تھائی لینڈ کی سوپانیدا کیتیتھونگ سے ہوگا، جبکہ کرن جارج جاپان کے یودائی اوکیموتو کے مدمقابل ہوں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan