
گلاسگو، 31 جولائی (ہ س)۔
ہندوستانی باکسر انکش پنگھال نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعہ کو مردوں کے 80 کلوگرام زمرے کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ سیمی فائنل میں انہوں نے کینیڈا کے جوشوا اوفوری کو 5-0 کے متفقہ فیصلے سے شکست دے کر کم از کم چاندی کا تمغہ یقینی بنا لیا۔
مقابلے کے آغاز سے ہی انکش نے جارحانہ انداز اپنایا اور پہلے ہی راؤنڈ میں سیدھے اور دونوں ہاتھوں سے مضبوط ہک لگا کر برتری حاصل کر لی۔ دوسرے راؤنڈ میں ان کا اعتماد مزید بڑھ گیا اور مسلسل مؤثر حملوں سے انہوں نے کینیڈین باکسر کو دباؤ میں رکھا۔ اس دوران اوفوری کو سر کے غلط استعمال کرنے پر ایک پوائنٹ کی کٹوتی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
تیسرے اور آخری راؤنڈ کے آغاز میں اوفوری نے شاندار لیفٹ ہک کے ذریعے انکش کو حیران کرنے کی کوشش کی، تاہم ہندوستانی باکسر نے تحمل برقرار رکھا۔ آخری لمحات میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست پنچوں کا تبادلہ ہوا، لیکن اس وقت تک انکش مقابلے پر اپنی مضبوط گرفت قائم کر چکے تھے۔
ججوں نے بھی ہندوستانی باکسر کی کارکردگی کو واضح طور پر بہتر قرار دیا۔ پانچ میں سے چار ججوں نے مقابلہ 30-26 جبکہ ایک جج نے 29-27 کے اسکور سے انکش پنگھال کے حق میں فیصلہ دیا۔
یہ کامن ویلتھ گیمز 2026 میں انکش پنگھال کی مسلسل تیسری متفقہ فتح ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے فائنل میں جگہ بناتے ہوئے بھارت کے لیے ایک اور چاندی کا تمغہ یقینی کر لیا ہے۔ اب ان کی نظریں طلائی تمغہ جیتنے پر مرکوز ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ