حج 2027 کیلئے تلنگانہ میں نقائص سے پاک انتظامات کا عزم : مولانا خسرو پاشاہ
حج 2027 کیلئے تلنگانہ میں نقائص سے پاک انتظامات کا عزم : مولانا خسرو پاشاہحیدرآباد، 31 جولائی (ہ س)۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج 2027ء کے لیے عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے اورانتظامات کونقائص سے پاک بنانے کاعزم ظاہرکیاہے۔ حج کمیٹی کے صدر ن
حج 2027کیلئے تلنگانہ میں نقائص سے پاک انتظامات کا عزم: مولانا خسرو پاشاہ


حج 2027 کیلئے تلنگانہ میں نقائص سے پاک انتظامات کا عزم : مولانا خسرو پاشاہحیدرآباد، 31 جولائی (ہ س)۔

تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج 2027ء کے لیے عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے اورانتظامات کونقائص سے پاک بنانے کاعزم ظاہرکیاہے۔ حج کمیٹی کے صدر نشین مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے نوجوان عازمین پر زور دیا کہ وہ اپنے بزرگ اور ضعیف والدین کی حج کے دوران خصوصی رہنمائی اور مدد کریں اور انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔ آج ہاؤس نامپلی میں جمعہ کو منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا خسرو پاشاہ نے کہا کہ صاحب استطاعت افراد کو ضعیف العمری کا انتظار کیے بغیر جوانی میں ہی فریضۂ حج ادا کرنے کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حج ایک مقدس سفر ہے اور اس دوران بزرگ عازمین کو نوجوانوں کی خصوصی مدد اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ حج 2027ء کے انتظامات اور تلنگانہ کے کوٹے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ اس مرتبہ تلنگانہ کو 5,594 عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے، جبکہ ریاست سے مجموعی طور پر 11,708 حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق کوٹے کے مقابلے میں 6,114 درخواست گزار انتظار کی فہرست میں ہیں۔ مولانا خسرو پاشاہ نے بتایا کہ 65 سال سے زائد عمر کے 818 مرد عازمین کو محفوظ زمرے کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بغیر محرم حج پر جانے والی 82 خواتین کو بھی منتخب کیا گیا ہے، جن کی عمریں مقررہ زمرے کے مطابق 45 اور 65 سال سے زائد ہیں۔ منتخب عازمین حج کے لیے مالی ادائیگی سے متعلق معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی قسط کے طور پرایک لاکھ 52 ہزار300 روپے کی رقم 10 اگست سے قبل جمع کرانی ہوگی۔عازمین یہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی متعلقہ شاخ میں جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی آف انڈیا کے سویدھا ایپ کے ذریعے کریڈیٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ یا نیٹ بینکنگ کے ذریعہ آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ صدرنشین نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ادائیگی اور دیگر ضروری کارروائی مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری کا سامنانہ کرنا پڑے۔ حج 2027ء کے انتظامات کے حوالے سے مولانا خسرو پاشاہ نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی کوشش ہوگی کہ عازمین کو بہترین سے بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور انتظامات میں کسی بھی قسم کی خامی باقی نہ رہے۔ مزید معلومات کے لیے عازمین حج، حج کمیٹی آف انڈیا کی سرکاری ویب سائٹ سے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں یا تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی،حج ہاؤز،نامپلی، حیدرآباد سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔

حج کمیٹی کے دفتر سے صبح 10:30 بجے سے شام 5 بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ رابطے کے لیے فون نمبر

040-23298793 بتایا گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں محمد اسد اللہ، ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی اور عرفان شریف، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر بھی موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande