لاتور میں نقلی سونے کے بسکٹ دکھا کر خواتین کو لوٹنے والا بین ضلعی گروہ بے نقاب، پانچ گرفتار
لاتور ، 31 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع لاتور کے احمدپور پولیس اسٹیشن کی حدود میں خواتین کو نقلی سونے کے بسکٹ کا لالچ دے کر ان کے سونے کے زیورات ہتھیانے والے ایک بین ضلعی گروہ کا احمدپور پولیس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے
لاتور میں نقلی سونے کے بسکٹ دکھا کر خواتین کو لوٹنے والا بین ضلعی گروہ بے نقاب، پانچ گرفتار


لاتور ، 31 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع لاتور کے احمدپور پولیس اسٹیشن کی حدود میں خواتین کو نقلی سونے کے بسکٹ کا لالچ دے کر ان کے سونے کے زیورات ہتھیانے والے ایک بین ضلعی گروہ کا احمدپور پولیس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی ایرٹیگا کار، نقلی سونے کے بسکٹ اور طلائی زیورات سمیت مجموعی طور پر 5 لاکھ 28 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔

پولیس کے مطابق ہالنی کی رہائشی اجولا شیواجی گائیکواڑ کی شکایت پر احمدپور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شکایت کے مطابق ملزمان نے خاتون کو 10 گرام وزنی سونے کا بسکٹ دینے کا جھانسہ دے کر ان سے گلے کا پرانا منگل سوتر مانگا۔ زرد رنگ کا چمکدار نقلی بسکٹ دکھا کر ملزمان نے خاتون کو دھوکہ دیا اور ان کے سونے کے زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ 27 جولائی 2026 کو پیش آیا، جس میں شکایت کنندہ کوشابائی سریش الاپورے کو اسی طریقے سے دھوکہ دے کر ان کے تقریباً 7 گرام وزنی سونے کے جھمکے ہتھیا لیے گئے تھے۔ ان دونوں واقعات کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی تھی۔

دونوں مقدمات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امول تامبے، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منگیش چوہان اور سب ڈویژنل پولیس افسر اروند رائے بولے کی رہنمائی میں پولیس انسپکٹر ونود میتریوار نے کرائم ڈٹیکشن برانچ کو فوری تحقیقات کی ہدایت دی۔احمدپور پولیس نے تکنیکی معلومات اور سائنسی تفتیش کی مدد سے محض ایک دن میں پانچوں ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کی ایرٹیگا کار، نقلی سونے کے چار بسکٹ، واردات میں حاصل کیا گیا تقریباً 3 گرام وزنی طلائی منگل سوتر، جس کی مالیت تقریباً 12 ہزار روپے بتائی گئی ہے، اور 7 گرام وزنی طلائی جھمکے، جن کی مالیت تقریباً 28 ہزار روپے ہے، برآمد کیے گئے۔ ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 5 لاکھ 28 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

یہ کارروائی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امول تامبے کی رہنمائی میں پولیس انسپکٹر ونود میتریوار کی ٹیم نے انجام دی۔ مقدمے کی مزید تفتیش پولیس ہیڈ کانسٹیبل تاناجی آردواڑ کر رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande