بنڈیل میں ترنمول کانگریس رہنما دلیپ رام قتل کیس: سات مجرموں کو عمر قید کی سزا
ہگلی، 29 جولائی(ہ س)۔ مغربی بنگال کے بنڈیل میں ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) کے رہنما دلیپ رام کے قتل کے مقدمے میں چنچوڑہ کی عدالت نے سات مجرموں کو عمر قید با مشقت کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تمام مجرموں پر مالی جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ چنچوڑہ کی تیسری ا
بنڈیل میں ترنمول کانگریس رہنما دلیپ رام قتل کیس: سات مجرموں کو عمر قید کی سزا


ہگلی، 29 جولائی(ہ س)۔ مغربی بنگال کے بنڈیل میں ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) کے رہنما دلیپ رام کے قتل کے مقدمے میں چنچوڑہ کی عدالت نے سات مجرموں کو عمر قید با مشقت کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تمام مجرموں پر مالی جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

چنچوڑہ کی تیسری ایڈیشنل سیشن عدالت کے جج کوستو مکھرجی نے منگل کے روز ساتوں ملزمان کو قتل کا مجرم قرار دیا تھا، جبکہ بدھ کو انہیں سزا سنائی گئی۔ سزا پانے والوں میں محمد نسیم عرف گڈو، صدام حسین، منگل یادو، بیجناتھ رائے عرف ہیڈیک، محمد اکبر، محمد سانو اور محمد مانو شامل ہیں۔ تمام ملزمان پہلے ہی عدالتی تحویل میں جیل میں بند تھے۔

استغاثہ کے مطابق 29 جون 2019 کو دلیپ رام بنڈیل ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر پانچ سے ٹرین پکڑنے جا رہے تھے کہ مسلح حملہ آوروں نے قریب سے گولی مار کر ان کا قتل کر دیا۔ اس وقت ان کی اہلیہ ریتو سنگھ بنڈیل گرام پنچایت کی پردھان تھیں۔ انہی کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں۔

سرکاری وکیل شنکر گانگولی نے بتایا کہ تفتیشی افسر پردیپ داں نے واقعے کے 90 دن کے اندر چارج شیٹ داخل کر دی تھی۔ مقدمے کے دوران مجموعی طور پر 39 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے۔ عدالت میں یہ ثابت کیا گیا کہ ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت دلیپ رام کو قتل کیا تھا۔استغاثہ کے مطابق مقدمے میں چار عینی شاہدین کے بیانات اور مبینہ شوٹر سے برآمد ہونے والے اسلحے سے چلائی گئی گولی کا دلیپ رام کے سر سے نکلی گولی سے میچ ہونا اہم ثبوت ثابت ہوا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق بندیل کی مبینہ منشیات کاروباری سمندری یادو عرف شکنتلا دیوی کے ساتھ دلیپ رام کا زمین کے تنازع پر اختلاف تھا۔ الزام ہے کہ دلیپ رام کو راستے سے ہٹانے کے لیے سمندری یادو نے سازش رچی اور تین لاکھ روپے کی سپاری دے کر حملہ آوروں کو قتل کے لیے تیار کیا۔

عدالت کے فیصلے پر دلیپ رام کی اہلیہ ریتو سنگھ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجرموں کو سزائے موت دلوانا چاہتی تھیں، تاہم عدالت کے فیصلے سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے سرکاری وکیل شنکر گانگولی کی مؤثر پیروی کی بھی تعریف کی اور مطالبہ کیا کہ اس مقدمے کے مرکزی اور مفرور ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande