
نئی دہلی، 29 جولائی(ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے کرکٹر یوراج سنگھ کے خلاف قابل اعتراض آن لائن مواد کو ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس جیوتی سنگھ کی بنچ نے اس معاملے میں مدعا علیہان کوان کے سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ بنچ نے واضح کیا کہ انہیںسوشل میڈیا پلیٹ فارم سے یہ امید نہیں ہے کہ وہ اپنے طور پر قابل اعتراض مواد کو ہٹالیں گے۔
بنچ نے کہا کہ صرف عدالت ہی اس معاملے کی جانچ کر سکتی ہے اور حکم جاری کر سکتی ہے۔ اس دوران ، یوراج سنگھ کے وکیل نے کہا کہ قابل اعتراض مواد کے دو لنکس کو ہٹا دیا گیا ہے۔ باقی لنکس کا یوراج سنگھ کے نام پر ان کی اجازت کے بغیر غیر مجاز تجارتی استعمال کیا جارہاہے۔
اس سے قبل ہائی کورٹ نے کئی مشہور شخصیات کے ذاتی حقوق کے تحفظ کا حکم دیا ہے۔ ان میں کرکٹر ابھیشیک شرما، ایم پی روی کشن، کانگریس لیڈر ششی تھرور، اداکار ارجن کپور، اداکار الو ارجن، کتھاواچک انیرودھاچاریہ، ملیالم اداکار موہن لال، سابق ایم پی اور کرکٹر گوتم گمبھیر، آچاریہ بال کرشنا، اداکارہ سوناکشی سنہا، بابا رام دیو، اداکارہ کاجول، اداکار وویک اوبرائے، آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلی پون کلیان، سابق کرکٹر سنیل گواسکر، اداکار سلمان خان، اداکار اجے دیوگن، اداکارہ اور ایم پی جیا بچن، صحافی سدھیر چودھری، سری سری روی شنکر، تیلگو اداکار ناگارجن، اداکارہ ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن اور کرن جوہر شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی