مغربی بنگال کا نوجوان قومی یکجہتی کا پیغام عام کرنے پہنچا رامبن
جموں, 29 جولائی (ہ س)۔ مغربی بنگال کے ضلع کوچ بہار سے تعلق رکھنے والا نوجوان مجید الحق وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے کے لیے جاری اپنے ملک گیر پیدل سفر کے دوران بدھ کو ضلع رام بن پہنچ گیا۔ مجید الحق نے بتایا کہ
Integrity


جموں, 29 جولائی (ہ س)۔ مغربی بنگال کے ضلع کوچ بہار سے تعلق رکھنے والا نوجوان مجید الحق وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے کے لیے جاری اپنے ملک گیر پیدل سفر کے دوران بدھ کو ضلع رام بن پہنچ گیا۔

مجید الحق نے بتایا کہ انہوں نے اپنی مہم کا آغاز رواں سال فروری میں کوچ بہار سے کیا تھا۔ ان کا مقصد ملک کی تمام 26 ریاستوں میں قومی پرچم لہرانا ہے۔ اب تک وہ 16 ریاستوں کا سفر مکمل کر چکے ہیں اور ہر ریاست میں ترنگا لہرا چکے ہیں۔

جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن سے گزرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا یہ سفر مذہب، ذات اور علاقائی تفریق سے بالاتر ہو کر امن، اتحاد، بھائی چارے اور وطن سے محبت کا پیغام عام کرنے کے لیے وقف ہے۔

مجید الحق نے کہا کہ 26 ریاستوں کا سفر مکمل کرنے کے بعد وہ قومی پرچم کے ساتھ دنیا کے 26 ممالک کا بھی دورہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہندوستان کے اتحاد، امن اور قومی یکجہتی کا پیغام عالمی سطح پر پہنچایا جا سکے۔ ان کے مطابق ان کی اس منفرد مہم کو راستے میں عوام کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی مل رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande