
جموں میں نرمل فروٹس پروڈکٹس کے برانڈ کی اسنیک ڈریسنگ کی سوس غیر محفوظ قرار
جموں، 29 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے عوامی صحت کے تحفظ کے پیش نظر نرمل فروٹس پروڈکٹس کے برانڈ کی اسنیک ڈریسنگ (سوس) کے ایک مخصوص بیچ کی فروخت پر پورے جموں و کشمیر میں پابندی عائد کرتے ہوئے اسے فوری طور پر بازار سے واپس لینے کا حکم دیا ہے۔
محکمہ کی جانب سے جاری حکم کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب غازی آباد کی نیشنل فوڈ لیبارٹری نے مذکورہ ساس کے نمونے کو جانچ کے بعد غیر محفوظ اور غلط لیبل والا قرار دیا۔
متاثرہ بیچ نمبر 02 ہے، جس کی تیاری کی تاریخ 2 مئی 2026 جبکہ مدتِ استعمال یکم مئی 2027 تک درج ہے۔ یہ ایک لیٹر پیک میں فروخت کی جا رہی تھی اور اسے اکھنور کے صنعتی علاقے میں واقع نرمل فروٹس پروڈکٹس نے تیار کیا تھا۔
سرکاری بیان کے مطابق 16 مئی کو فوڈ سیفٹی افسر اکھنور نے کمپنی سے نمونہ حاصل کرکے جانچ کے لیے نیشنل فوڈ لیبارٹری غازی آباد بھیجا تھا۔ لیبارٹری کی رپورٹ میں نمونے کو غیر محفوظ قرار دیے جانے کے بعد پہلے ضلع جموں میں اس کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی، جسے اب پورے جموں و کشمیر تک توسیع دے دی گئی ہے۔
ایف ڈی اے نے تمام تقسیم کاروں، تھوک فروشوں اور خوردہ فروشوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مذکورہ بیچ کی فروخت اور تقسیم فوری طور پر بند کریں، دستیاب ذخیرہ بازار سے واپس لیں اور متعلقہ فوڈ سیفٹی حکام کو اس کی اطلاع دیں۔
محکمہ نے نفاذی افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ حکم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور ممنوعہ بیچ فروخت کرتے پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بیچ کی سوس استعمال نہ کریں اور اگر کہیں یہ مصنوعات فروخت ہوتی نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر