
علی گڑھ، 29 جولائی (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و ہاسپٹل کی ہاسپٹل انفیکشن کنٹرول کمیٹی (ایچ آئی سی سی) نے شعبہ مائیکرو بایولوجی کے اشتراک سے طبی عملے کے لیے مفت اینٹی-ایچ بی ایس اینٹی باڈی ٹائٹر اسکریننگ کیمپ منعقد کیا۔ اس میں 200 ڈاکٹروں، نرسوں، ریزیڈنٹ ڈاکٹروں، انٹرنز، لیبارٹری عملے کے اراکین اور دیگر مریضوں کی نگہداشت سے وابستہ کارکنوں نے شرکت کی۔ خون کے نمونے حاصل کیے گئے اور ان کا تجزیہ کیا گیا اور جن افراد میں حفاظتی اینٹی باڈیز کی سطح ناکافی پائی گئی انہیں بوسٹر ویکسین اور مناسب طبی معائنے کے حوالے سے مشاورت فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ہاسپٹل انفیکشن کنٹرول کمیٹی کی ممبر سکریٹری پروفیسر فاطمہ خان نے کہا کہ طبی عملے کا تحفظ نہ صرف ان کی اپنی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ مریضوں کی حفاظت اور طبی مراکز میں خون سے منتقل ہونے والے انفیکشن کی روک تھام کے لیے بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوت مدافعت کی باقاعدہ جانچ، بروقت ٹیکہ کاری اور انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عمل اسپتال میں انفیکشن سے بچاؤ کے مؤثر پروگرام کے بنیادی ستون ہیں۔
اسکریننگ کیمپ کو فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد، میڈیکل کالج کے پرنسپل و چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر انجم پرویز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نیر آصف اور شعبہ مائیکرو بایولوجی کے چیئرمین پروفیسر عادل رضا کی سرپرستی حاصل رہی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ