
نئی دہلی، 29 جولائی (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بدھ کے روز لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جھوٹ بولنے اور گمراہ کن بیانات دے کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔ بی جے پی نے کہا کہ کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے دوران طلبہ پر فائرنگ کیے جانے سے متعلق راہل گاندھی کا الزام بے بنیاد ہے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان اور رکنِ لوک سبھا ڈاکٹر سمبت پاترا نے بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی کے اس بیان کو مسترد کر دیا، جس میں انہوں نے طلبہ پر گولیاں چلائے جانے اور اس کا حکم مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے دیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ پاترا نے کہا کہ طلبہ پر کوئی گولی نہیں چلائی گئی اور راہل گاندھی نے بغیر کسی ثبوت کے یہ الزام لگایا ہے۔
رکنِ پارلیمنٹ سمبت پاترا نے کہا، اگر ایوان کے اندر کوئی الزام لگایا جاتا ہے تو اس کے حق میں حقائق بھی پیش کرنے ہوتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ طلبہ پر گولیاں چلائی گئیں اور اس کا حکم وزیر داخلہ امت شاہ نے دیا، یہ سراسر جھوٹ ہے۔ ایسے حالات میں قانون کے مطابق متعلقہ مجسٹریٹ فیصلہ کرتے ہیں، نہ کہ وزیر داخلہ۔ راہل گاندھی کو اس بات کا علم ہونا چاہیے۔
بی جے پی کے ترجمان ڈاکٹر پاترا نے کہا کہ راہل گاندھی ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وزیر داخلہ کی سرگرمیاں عوام کے سامنے ہوتی ہیں، وہ چوری چھپے بیرونِ ملک نہیں جاتے۔
ڈاکٹر پاترا نے لوک پریکشا ترمیمی بل پر لوک سبھا میں ہوئی بحث کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ راہل گاندھی کے سوالات کا جواب دینے کی تیاری کر رہے تھے، لیکن اپوزیشن نے ایوان میں الگ ماحول بنانے کی کوشش کی۔
راہل گاندھی کے طلبہ سے متعلق بیان پر بھی پاترا نے اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے طلبہ کو مختلف زمروں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی، جبکہ بی جے پی کا ماننا ہے کہ ملک کا ہر طالب علم برابر ہے۔ پاترا نے کہا، اس ملک کا کوئی بھی طالب علم اندھ بھکت یا 'ایڈیٹ' نہیں ہے۔ راہل نے جس طرح کی زبان استعمال کی، وہ طلبہ کی توہین ہے۔ جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ کیا اندھ بھکت تھے؟ وہاں پہنچنے والے دیگر لوگ کیا اندھ بھکت تھے؟ ان تمام باتوں سے واضح ہوتا ہے کہ راہل کو جن زی کی نہیں بلکہ جنریشن گاندھی کی فکر ہے۔
بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ راہل گاندھی کو اپنے بیانات کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے اور پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ ملک کے سامنے بھی حقائق کی بنیاد پر اپنی بات رکھنی چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد