
ممبئی ، 29 جولائی (ہ س) وسئی۔ویرار سٹی میونسپل کارپوریشن (وی وی ایم سی) کے وارڈ نمبر 16 میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور عوامی نمائندوں کی مبینہ بے توجہی کے خلاف مقامی شہریوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے بینر نصب کر دیے، جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ وارڈ نمبر 16 میں ایک بجلی کے کھمبے پر زعفرانی رنگ کا بینر آویزاں کیا گیا ہے، جس پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا انتخابی نشان کمل بھی درج ہے۔ بینر پر مراٹھی زبان میں بڑے حروف میں مراٹھی زبان میں لکھا کیا آپ نے وارڈ نمبر 16 کے کارپوریٹر کو دیکھا ہے؟
مقامی شہریوں کا الزام ہے کہ پورا علاقہ بنیادی سہولتوں کے شدید بحران سے دوچار ہے۔ ان کے مطابق بار بار بجلی اور پانی کی طویل کٹوتی کی جا رہی ہے، جبکہ مانسون اور انتظامیہ کی مبینہ لاپرواہی کے باعث سڑکیں انتہائی خستہ حال ہو چکی ہیں، جس سے روزانہ ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی پھڑی فروشوں کی بڑھتی ہوئی تجاوزات نے پیدل چلنے والوں اور گاڑی چلانے والوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ان مسائل کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، لیکن ان کی شکایات سننے یا مسائل کے حل کے لیے کوئی ذمہ دار عوامی نمائندہ یا کارپوریٹر دستیاب نہیں ہے۔ ان کے مطابق انتخابات کے دوران ووٹ مانگنے والے رہنما اب زمینی مسائل سے مکمل طور پر غائب ہیں، اسی عوامی ناراضی کو اجاگر کرنے کے لیے یہ بینر نصب کیے گئے ہیں۔
یہ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین وسئی۔ویرار میونسپل کارپوریشن اور مقامی عوامی نمائندوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی کے مقامی رہنماؤں نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کارپوریٹر مسلسل عوام سے رابطے میں ہیں، شہریوں کے مسائل سنے جا رہے ہیں اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ بینر عوام نے نہیں بلکہ سیاسی مخالفت کے تحت نصب کیے گئے ہیں۔
تاہم اسی وارڈ کی متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کارپوریٹروں نے انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ ان بینروں کے بعد پورے علاقے میں اس معاملے پر بحث چھڑ گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے