
نئی دہلی، 29 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دولتِ مشترکہ کھیل 2026 میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی بھارتی ویٹ لفٹر ہرجندر کور اور ایتھلیٹ گل ویر سنگھ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں خواتین کے 69 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر ہرجندر کور کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہرجندر کی یہ کارکردگی ان کی ذاتی بہترین کارکردگی بھی رہی، جو خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دولتِ مشترکہ کھیلوں میں بھارتی ویٹ لفٹروں کی شاندار کارکردگی پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے ہرجندر کی آئندہ کامیابیوں کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ایک اور پوسٹ میں وزیراعظم نے مردوں کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے گل ویر سنگھ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گلاسگو میں ان کی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے کہا کہ گل ویر کا عزم اور لگن قابلِ ستائش ہے اور ان کی آئندہ کوششوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ ایتھلیٹکس میں گل ویر سنگھ نے مردوں کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ ہرجندر کور نے خواتین کے 69 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں مجموعی طور پر 227 کلوگرام وزن اٹھا کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد