
نئی دہلی، 29 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں دتیا اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے لیے 291 ووٹنگ مراکز پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جمعرات، 30 جولائی کو ووٹنگ ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ نے آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ پولنگ پارٹیاں بدھ کی صبح اپنے متعلقہ ووٹنگ مراکز کے لیے ای وی ایم وغیرہ لے کر روانہ ہوئیں۔
ضلعی الیکشن آفس کے مطابق دتیاکے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج سے ای وی ایم، ووٹنگ کا سامان اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا گیا۔ بسئی سیکٹر سے پولنگ پارٹیاں پہلے روانہ کی گئیں اور اگلے ڈیڑھ گھنٹے میں تمام 291 ووٹنگ مراکز کے لیے پولنگ پارٹیاں روانہ کر دی گئیں۔
ضمنی انتخابی میدان میں 21 امیدوار ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 3 اگست کو ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
کلکٹر اور ضلع الیکشن افسر سوپنل وانکھیڑے نے کہا کہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار پہلے ہی تمام ووٹنگ مراکز اور متعلقہ دیہاتوں میں تعینات کیے جا چکے ہیں۔
2.20 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا ووٹ ڈالیں گے ۔دتیا اسمبلی حلقہ میں کل 220,410 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں 1,16,116 مرد، 1,4284 خواتین اور 10 دیگر ووٹر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دتیا کے 291 ووٹنگ مراکز میں سے 185 دیہی اور 106 شہری حلقوں میں ہیں۔ ان میں سے 233 حساس اور 28 انتہائی حساس ووٹنگ مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پورے حلقے کو 36 سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے ہر ایک سیکٹر کے لئے افسران مقرر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران دتیا میں ایک پنک پولنگ مرکز ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، کمرہ نمبر 2اور ایک ماڈل پولنگ اسٹیشن نوین کھنن کاریالیہ، دتیا میں قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے کمرہ نمبر 3 میں معذور ووٹرز کے لیے ریمپ اور وہیل چیئر کی سہولت کے ساتھ ایک پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔
ضلعی الیکشن افسر نے بتایا کہ منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے ووٹنگ کے دوران 1280 ووٹنگ اہلکار اور 215 مائیکرو آبزرور تعینات کیے جائیں گے۔ دتیا کی سرحد کے ساتھ 12 بین ریاستی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ تمام گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ انتخابات کے دوران یا انتخابات سے پہلے کسی بھی قسم کی پریشانی یا شکایت کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جس میں 24 گھنٹے عملہ تعینات کیا جائے گا۔ کنٹرول روم کا نمبر 8305199022 ہے۔
انہوں نے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابات مکمل طور پر منصفانہ اور پرامن طریقے سے منعقد کیے جائیں گے۔ تمام رائے دہندگان کو بغیر کسی خوف یا دباو کے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے اور اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنا چاہیے۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس میور کھنڈیلوال نے کہا کہ ضلع دتیا میں آزادانہ، منصفانہ اور بے خوف ووٹنگ کے انعقاد کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انتخابات کے دوران سی آر پی ایف، ایس ایس بی، سی آئی ایس ایف پولیس فورس، ایس اے ایف جوان، ڈی ای ایف جوان، ہوم گارڈ جوان چوبیس گھنٹے تعینات رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ووٹنگ سے قبل ہر گاو¿ں میں فلیگ مارچ نکالا جائے گا تاکہ رائے دہندگان میں سلامتی اور اعتماد کا ماحول پیدا ہو۔ یہ ایک آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنائے گا۔ فلیگ مارچ کا مقصد سماج دشمن عناصر کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ امن و امان کو خراب کرنے یا خلل پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی