
پٹنہ،29جولائی(ہ س)۔ بہار میں موسم کا مزاج بدلنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج 13 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں 30 سے40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے، آندھی اور ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران آسمانی بجلی گرنے کے امکان کے پیش نظر لوگوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے سپول، ارریہ، کشن گنج، سہرسہ، مدھے پورہ، پورنیہ، کٹیہار، بکسر، بھوجپور، ارول، اورنگ آباد، روہتاس اور کیمور میں ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ اضلاع میں دن بھر بادل چھائے رہ سکتے ہیں، جبکہ دیگر اضلاع میں تیز دھوپ اور شدید گرمی رہنے کی امید ہے ۔ حالانکہ شام تک کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق دو سے تین دنوں کے وقفے کے بعد پٹنہ اور آس پاس کے علاقوں میں مانسون ایک بار پھرسرگرم ہو جائے گا۔ شمالی ساحلی اڈیشہ اور ملحقہ گنگا مغربی بنگال پر گہرا دباؤ گزشتہ چھ گھنٹوں سے برقرار ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں سے تقریباً 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھتا رہے گا۔آئندہ ایک یا دو دنوں میں ریاست کے مختلف اضلاع میں اس کا اثر محسوس ہوگا۔ موسمیات کے مرکز پٹنہ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پٹنہ سمیت ریاست کے مختلف حصوں میں آندھی، آسمانی بجلی گرنے اور 30سے40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
منگل کے روز تیز دھوپ اور حبس سے لوگ پریشان تھے۔ حالانکہ شام تک موسم نے کروٹ لی اور شہر کے متعدد علاقوں میں تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ 10 منٹ کی بارش سے درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا۔منگل کے روز پٹنہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 1.2 ڈگری سے گر کر 35.2 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 29.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔ بدھ کے روز شہر میں ابر آلود رہنے اور بارش ہونے کی توقع ہے، جس سےشدید گرمی سے راحت ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan